پاکستان - 21 جنوری 2026
بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کا کیس 24 فروری تک ملتوی
پاکستان - 21 جنوری 2026
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف کے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ بند کرنے سے متعلق کیس کی مزید سماعت 24 فروری تک ملتوی کر دی ہے۔
یہ فیصلہ جیل حکام، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور دیگر فریقین کے جوابات موصول ہونے کے بعد کیا گیا۔
کیس کی سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی۔ دورانِ سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجا نے عدالت کو بتایا کہ وہ اپنے موکل سے مشاورت کے لیے ملاقات نہیں کر سکے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر ملاقات ہو جائے تو 24 فروری کو حتمی دلائل سنے جائیں گے۔
عدالت نے ملاقات نہ کرانے سے متعلق توہینِ عدالت کی درخواست پر بھی تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد آفس کو تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔
سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ قیدیوں سے ملاقاتوں سے متعلق کیسز ایک لارجر بینچ کے سامنے ہیں اور ملاقات کے بغیر اس کیس میں پیش رفت ممکن نہیں۔
سلمان اکرم راجا نے عدالت کو بتایا کہ 4 نومبر کو ملاقات کا عدالتی حکم جاری ہوا تھا، تاہم دو ماہ گزرنے کے باوجود اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔
انہوں نے جیل میں ملاقات کے لیے واضح احکامات جاری کرنے کی استدعا کی۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ ملاقات کرائے جانے کی صورت میں کیس آگے بڑھ سکے گا اور اس حوالے سے مناسب احکامات جاری کیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں پی ٹی اے نے عدالت میں اپنا جواب جمع کرایا، جسے عدالت نے غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ رٹ پٹیشن کے نکات اور پی ٹی اے کے جواب میں واضح فرق ہے۔
دیکھیں

