پنجاب میں ٹیلی میڈیسن اور گھر گھر علاج کا آغاز: کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر مریضوں کو گھر پر علاج فراہم کریں گے، مریم نواز

news-banner

پاکستان - 21 جنوری 2026

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں ٹیلی میڈیسن سسٹم کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر اب گھر گھر جا کر مریضوں کا علاج کریں گے۔

 

جھنگ میں کیتھ لیب کے افتتاحی موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ڈی ایچ کیو اسپتال میں کارڈیک سرجری کے آغاز کا اعلان کیا اور کہا کہ صوبے کے عوام کو ہر قسم کے علاج کی سہولت گھر کی دہلیز پر فراہم کی جائے گی، چاہے وہ امیر ہوں یا غریب۔

 

مریم نواز نے لاہور میں نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کی تعمیر کا اعلان بھی کیا، جہاں پیچیدہ امراض کا علاج ممکن بنایا جائے گا۔ 

 

انہوں نے کہا کہ دوردراز علاقوں کے مریض بھی پنجاب کے اسپتالوں میں علاج کے لیے آتے ہیں، اور اب ہوم ڈیلیوری میڈیسن اور ٹیلی میڈیسن کے ذریعے سہولت بڑھائی جائے گی۔

 

پنجاب بھر میں مفت ادویات کی فراہمی، 7 لاکھ مریضوں کو انسولین اور دیگر دوائیں، اور ڈائیلسز کارڈ کے ذریعے ہر مریض 10 لاکھ روپے تک علاج کروا سکے گا۔

 

 فیلڈ اسپتالوں میں ایکسرے، ای سی جی، الٹراساؤنڈ اور سرجری کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر مریضوں کے مکمل ہیلتھ پروفائل 6 ماہ میں تیار کریں گے اور ڈاکٹر ٹیلی میڈیسن کے تحت فون اسکرین پر دستیاب ہوں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ ہر مریض کو یکساں معیار کا علاج ملے گا اور کسی بھی غفلت یا تاخیر کے ذمہ داروں کو حکومت کرنے کا حق نہیں ہونا چاہیے۔