بلوچستان میں برفباری اور بارش، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھی بادل برسنے کو تیار

news-banner

تازہ ترین - 22 جنوری 2026

کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں برفباری اور بارش ہوئی، جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھی آئندہ گھنٹوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے کئی علاقوں میں رات سے بارش جاری ہے، جن میں زیارت، کان مہترزئی، مسلم باغ، توبہ کاکڑی اور توبہ اچکزئی شامل ہیں، جہاں برفباری بھی ہو رہی ہے۔

 

 کوئٹہ اور آس پاس کے علاقوں میں سردی کی شدت بڑھ گئی، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا، منفی 1 سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جبکہ کوڑک ٹاپ اور خواجہ عمران میں منفی 3 سینٹی گریڈ درج کیا گیا۔

 

این ایچ اے اور پی ڈی ایم اے شمالی علاقوں میں ہائی ویز سے برف ہٹانے کے لیے سرگرم ہیں۔

 

پنجاب میں لاہور کا موسم جزوی ابر آلود ہے، اور آج و کل وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی آئے گی۔

 

 اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

 

آزاد جموں و کشمیر کے زیادہ تر علاقوں میں مطلع ابر آلود ہے، بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری شروع ہوگئی ہے جبکہ زیریں علاقوں میں سردی میں اضافہ ہوا ہے۔

 

خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع بشمول پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، چترال، سوات اور بونیر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش متوقع ہے۔

 

 دیگر علاقوں جیسے بٹگرام، بونیر، دیر، کوہستان، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بھی بارش ہوگی۔ بالائی اضلاع کے پہاڑوں میں برفباری کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

 

کراچی میں بھی وقفے وقفے سے بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک کا امکان ہے، شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 7°C اور زیادہ سے زیادہ 25°C رہنے کا امکان ہے۔