چینی کمپنی گی سپیس اور پاک سیٹ کے درمیان سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی فروغ کا معاہدہ

news-banner

تازہ ترین - 31 جنوری 2026

لاہور/بیجنگ: چین کی کمرشل سپیس کمپنی گی سپیس نے پاکستان کی سیٹلائٹ کمیونیکیشن آپریٹر پاک سیٹ انٹرنیشنل کے ساتھ تعاون کا معاہدہ کیا ہے، جس کا مقصد پاکستان اور قریبی علاقوں میں سیٹلائٹ پر مبنی کنیکٹیویٹی سروسز کو فروغ دینا ہے۔

 

پاک سیٹ کے مطابق یہ شراکت داری پاکستان کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے، دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی بہتر کرنے اور خطے میں بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت کو سہارا دینے میں مدد کرے گی۔

 

گی سپیس کے بیان کے مطابق تعاون کا دائرہ کار پالیسی ہم آہنگی، تکنیکی تعاون اور مارکیٹ ڈویلپمنٹ پر محیط ہوگا، خاص طور پر کمپنی کے لو ارتھ آربٹ سیٹلائٹ آئی او ٹی نیٹ ورک گی سیٹ کام کے حوالے سے، جسے پاکستان اور آس پاس کے علاقوں میں متعارف کرایا جائے گا۔

 

معاہدے کے تحت پاک سیٹ پاکستان میں کمرشل آپریشنز کے لیے درکار پالیسی معاملات، اسپیکٹرم کوآرڈینیشن اور قانونی تقاضوں کی تکمیل میں مدد کرے گا، جبکہ دونوں فریق نیٹ ورک تک رسائی، سروس انٹیگریشن اور مارکیٹنگ میں بھی تعاون کے مواقع تلاش کریں گے۔

 

گی سپیس کے چیف ایگزیکٹو وانگ یانگ نے کہا کہ کمپنی ہر موسم میں کام کرنے والی اور اعلیٰ اعتماد کی حامل سیٹلائٹ کمیونیکیشن سروسز فراہم کرے گی، جو دشوار گزار علاقوں میں کوریج کے خلا، صنعتی ڈیجیٹلائزیشن اور بین الاقوامی رابطوں میں مددگار ثابت ہوں گی۔