عطا تارڑ: بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کا بزدلانہ حملہ، پاک فوج نے دہشت گردوں کو پسپا کر دیا

news-banner

پاکستان - 01 فروری 2026

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کی جانب سے بزدلانہ حملہ کیا گیا اور بھارت کو جنگ میں شکست پر سخت تکلیف ہے۔

 

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کیا اور انہیں پسپا کر دیا، جبکہ وزیراعظم بلوچستان کی صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی گئی، جس سے دشمن کو شدید تکلیف ہوئی۔

 

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارت کی دہشتگردی میں براہِ راست ملوث ہونے کے شواہد دنیا کے سامنے رکھے ہیں، جیسے کہ طلال چوہدری نے بھی بتایا۔

 

خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ صوبائی حکومت صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر پر توجہ دینے میں ناکام رہی ہے، جبکہ افواج پاکستان جب بھی ضرورت پڑی مدد فراہم کرتی ہیں۔

 

پی ٹی آئی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا کام محض احتجاج اور اڈیالہ جیل کے باہر بیٹھنا ہے، اور بانی پی ٹی آئی کی رضامندی سے طبی علاج کے بعد انہیں معمولی علاج کے بعد جیل منتقل کیا گیا۔

 

گورنر راج کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ اس وقت لگتا ہے جب حکومت مکمل طور پر ناکام ہو جائے۔ 

 

انہوں نے خیبر پختونخوا میں بدانتظامی اور بدعنوانی کی نشاندہی کی، جبکہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز سیلاب زدہ علاقوں کا خود جائزہ لیتی ہیں۔