ایشیا کپ ہاکی 2025: بھارت میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان کی شرکت کی راہ ہموار

پاکستان - 03 جولائی 2025
ایشیا کپ ہاکی 2025 میں پاکستان کی شرکت کے امکانات روشن ہوگئے ہیں، بھارتی میڈیا اور حکومتی ذرائع نے پاکستانی ٹیم کی شمولیت کے حوالے سے مثبت اشارے دینا شروع کر دیے ہیں۔
بھارتی سرکاری خبر رساں ادارے نے رپورٹ کیا ہے کہ پاکستان کو ایونٹ میں شرکت سے نہیں روکا جائے گا۔ بھارتی وزارتِ کھیل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلوں کو روکنے کی کوئی پالیسی نہیں، اور ایسے ایونٹس میں شرکت دونوں ملکوں کی کھیلوں کی ذمہ داریوں کا حصہ ہے۔
بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت کی وزارتِ داخلہ اور وزارتِ خارجہ نے پاکستانی ٹیم کو ایونٹ میں شرکت کی کلیئرنس دے دی ہے۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ بھارت کے شہر چنئی میں 27 اگست سے 7 ستمبر 2025 تک کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن (PHF) پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ ٹیم کی شرکت حکومتِ پاکستان کی اجازت سے مشروط ہے۔ پی ایچ ایف کے سیکریٹری جنرل رانا مجاہد کا کہنا تھا کہ اگر حکومت اجازت دے گی تو قومی ٹیم بھارت جا کر ایشیا کپ میں شرکت کرے گی۔
تاہم اب تک حکومتِ پاکستان کی جانب سے اس حوالے سے کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا۔