اسلام آباد ہائیکورٹ نے 9 مئی کیس میں 10 سال قید کی سزا پانے والے چار پی ٹی آئی کارکنوں کو بری کر دیا

news-banner

پاکستان - 03 جولائی 2025

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے الزام میں پی ٹی آئی کے کارکن سہیل، اکرم، شاہ زیب اور میرا خان کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

 

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اعظم خان اور جسٹس خادم سومرو پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ان چاروں کارکنوں کو بری کر کے فوری رہائی کا حکم دیا۔

 

وکیل صفائی کے مطابق، استغاثہ کے 9 گواہوں میں سے صرف ایک نے ملزمان کی شناخت کی تھی۔ استغاثہ کے وکیل نے شواہد پیش کرنے کے لیے مزید وقت طلب کیا تھا، جس پر ججز نے کہا کہ اگر وقت درکار تھا تو کیس کے آغاز میں بتایا جاتا کیونکہ اب تمام دلائل مکمل ہو چکے ہیں۔

 

ججز نے مزید کہا کہ کسی کی میڈیکل رپورٹ موجود نہیں اور کوئی زخمی بھی نہیں ہے، لہٰذا استغاثہ کو ملزمان کی جائے وقوعہ پر موجودگی ثابت کرنی ہوگی۔ عدالت شناخت پریڈ کی بنیاد پر سزا نہیں دے سکتی۔