کرسٹیانو رونالڈو کا ساتھی کھلاڑی ڈیاگو جوتا کی المناک موت پر اظہارِ افسوس

news-banner

دنیا - 03 جولائی 2025

پرتگال فٹبال ٹیم کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے ساتھی کھلاڑی ڈیاگو جوتا کی اچانک موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

 

28 سالہ جوتا کا کار حادثہ آج صبح شمالی اسپین میں پیش آیا، جس میں ان کا چھوٹا بھائی، 26 سالہ آندرے سلوا بھی جان کی بازی ہار گیا۔

 

ڈیاگو جوتا، جو پریمیئر لیگ کلب لیورپول اور پرتگال کی قومی ٹیم کے فارورڈ تھے، حال ہی میں قومی ٹیم کے ساتھ ایکشن میں نظر آئے تھے اور کچھ روز قبل ہی شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔

 

کرسٹیانو رونالڈو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:"سب کچھ بے معنی لگ رہا ہے... ہم حال ہی میں قومی ٹیم میں ایک ساتھ تھے، اور تم نے ابھی نئی زندگی شروع کی تھی۔"

 

انہوں نے جوتا کے اہل خانہ، بیوی اور بچوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا:"میں ان کے لیے ہمت اور صبر کی دعا کرتا ہوں۔

 

رونالڈو نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ:"مجھے یقین ہے کہ تم ہمیشہ ان کے ساتھ رہو گے۔ ڈیاگو اور آندرے، تمہیں سلام... ہم سب تمہیں بہت یاد کریں گے۔"

 

یاد رہے کہ ڈیاگو جوتا نے پرتگال کے لیے 49 بین الاقوامی میچز میں نمائندگی کی اور یورپا نیشنز لیگ 2019 اور 2025 کی فاتح ٹیم کا حصہ بھی رہے۔ انہوں نے 14 نومبر 2019 کو لیتھوانیا کے خلاف اپنا ڈیبیو کیا تھا، جہاں انہوں نے دوسرے ہاف میں رونالڈو کی جگہ کھیل میں شرکت کی تھی۔