رشوت کیس: سابق چینی وزیرِ انصاف تانگ یی جون کو عمر قید کی سزا

news-banner

دنیا - 02 فروری 2026

چین کی ایک عدالت نے سابق وزیرِ انصاف تانگ یی جون کو رشوت لینے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔

 

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق عدالت نے بدعنوانی کے الزامات ثابت ہونے پر یہ فیصلہ سنایا اور قرار دیا کہ تانگ یی جون کے اقدامات سے ریاستی نظام اور عوامی مفادات کو شدید نقصان پہنچا۔

 

عدالتی فیصلے کے تحت تانگ یی جون کو تاحیات سیاسی حقوق سے بھی محروم کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کی تمام منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

 

برطانوی میڈیا کے مطابق یہ سزا ایسے وقت میں سنائی گئی ہے جب چینی صدر شی جن پنگ ملک بھر میں بدعنوانی کے خلاف سخت اور وسیع مہم کو مزید تیز کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں متعدد اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام احتساب کی زد میں آ چکے ہیں۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ چین نے ایک اعلیٰ فوجی جنرل کے خلاف جاری تحقیقات کی بھی تصدیق کی تھی، جسے سینئر عسکری قیادت کے خلاف بڑی کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔