World

ایرانی اور حوثی حملوں کا خدشہ، بحرین میں امریکی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

ایرانی اور حوثی حملوں کا خدشہ، بحرین میں امریکی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت
۱ منٹ پہلے

امریکی وزارت خارجہ نے بحرین میں مقیم امریکی شہریوں کے لیے ایک مرتبہ پھر سکیورٹی انتباہ جاری کرتے ہوئے انہیں غیر معمولی احتیاط برتنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

 

اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں امریکی وزارت خارجہ نے خبردار کیا کہ خطے میں ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی جانب سے مسلح حملوں کے خطرات بڑھ رہے ہیں، جبکہ امریکی حکام اور سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ایرانی کوششوں کا بھی خدشہ ہے۔

 

بیان میں بحرین میں موجود امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ زیادہ چوکنا رہیں اور ممکنہ سکیورٹی الرٹس، پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی بندش اور سفری سرگرمیوں میں رکاوٹوں کے پیش نظر ضروری تیاری رکھیں۔

 

امریکی وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جانب سے کویت اور بحرین میں امریکی اہداف پر حملے کیے جاچکے ہیں۔ اسی طرح ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں پر سعودی عرب میں مختلف مقامات کو نشانہ بنانے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔

 

امریکی بیان کے مطابق سعودی عرب میں حوثیوں کے حملوں میں شہری ہوائی اڈے اور اہم بنیادی ڈھانچے بھی نشانہ بنے، جس کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتیں اور زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے، جبکہ فضائی سفر اور نقل و حمل کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔

 

امریکی وزارت خارجہ کی تازہ وارننگ میں بحرین سمیت خلیجی خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے امریکی شہریوں کو مسلسل محتاط رہنے اور ممکنہ سفری مشکلات کے لیے تیار رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں