World

کم جونگ اُن نے ٹرمپ کی فون کالز کا جواب نہیں دیا، امریکی صدر کا خط بھی کھولے بغیر واپس کر دیا

کم جونگ اُن نے ٹرمپ کی فون کالز کا جواب نہیں دیا، امریکی صدر کا خط بھی کھولے بغیر واپس کر دیا
۱ منٹ پہلے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے براہِ راست رابطہ قائم کرنے اور ملاقات کی تازہ کوشش کامیاب نہ ہوسکی۔ امریکی اخبار وال  سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما نے صدر ٹرمپ کی فون کالز کا جواب نہیں دیا، جبکہ ان کے لیے بھیجا گیا خط بھی کھولے بغیر واپس کردیا گیا۔

 

وال سٹریٹ جرنل کے مطابق صدر ٹرمپ نے گزشتہ برس شمالی کوریا کے رہنما تک رسائی حاصل کرنے کے لیے معمول کے سفارتی ذرائع استعمال کیے تھے، تاہم ان کوششوں کا کوئی جواب موصول نہ ہونے پر انہوں نے کم جونگ اُن کو براہِ راست خط لکھنے کا فیصلہ کیا۔

 

رپورٹ میں بتایا گیا کہ وائٹ ہاؤس نے صدر ٹرمپ کا خط نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں قائم شمالی کوریا کے سفارتی مشن کے باہر ایک شمالی کوریائی سفارت کار تک پہنچانے کا انتظام کیا۔

 

تاہم اقوام متحدہ میں ہونے والی ایک ملاقات کے دوران شمالی کوریا کے سفارت کار نے وہ سر بمہر خط کھولے بغیر ایک امریکی نمائندے کے سامنے واپس رکھ دیا۔ اس طرح صدر ٹرمپ کی جانب سے ذاتی پیغام کے ذریعے رابطہ قائم کرنے کی کوشش بھی نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکی۔

 

امریکی اخبار کے مطابق رواں ہفتے صدر ٹرمپ کے دورۂ ایشیا کے دوران دونوں جانب سے آخری لمحات میں ایک ممکنہ ملاقات کے انعقاد پر دوبارہ غور کیا گیا، لیکن بات چیت کسی قابلِ قبول نتیجے تک نہ پہنچ سکی۔

 

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کی جانب سے ملاقات کے لیے بعض شرائط سامنے رکھی گئی تھیں، جنہیں واشنگٹن نے قابلِ قبول نہیں سمجھا۔ انہی اختلافات کے باعث دونوں رہنماؤں کے درمیان مجوزہ ملاقات ممکن نہ ہوسکی۔

 

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق اس معاملے میں سب سے بڑی رکاوٹ کم جونگ اُن کا یہ مطالبہ ہے کہ امریکا شمالی کوریا کو باضابطہ طور پر ایک جوہری طاقت تسلیم کرے۔

 

رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کی جوہری حیثیت کو تسلیم کرنے کا معاملہ واشنگٹن اور پیانگ یانگ کے درمیان ایک بنیادی اختلاف کے طور پر سامنے آیا ہے، جس کی وجہ سے اعلیٰ سطح کے سفارتی رابطوں کی بحالی میں مشکلات برقرار ہیں۔

 

صدر ٹرمپ کی جانب سے فون کالز، سفارتی ذرائع اور ذاتی خط کے ذریعے رابطے کی کوششوں کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست اعلیٰ سطح کی ملاقات پر اتفاق نہیں ہوسکا، جبکہ شمالی کوریا کی جوہری حیثیت سے متعلق اختلافات بدستور اہم رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں