لیبیا میں روسی بحری جہازوں پر یوکرین کے ڈرون حملے
لیبیا کے مشرقی ساحلی شہر بن غازی کی بندرگاہ پر لنگر انداز روسی بحریہ کا جنگی جہاز مرکری مبینہ یوکرینی سمندری ڈرون حملے میں شدید نقصان پہنچنے کے بعد ڈوب گیا، جبکہ چند گھنٹوں کے وقفے سے اسی ساحلی علاقے میں روس سے منسلک ایک کارگو جہاز کو بھی ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق لیبیا کی مشرقی حکومت کے حکام نے بتایا کہ روسی بحریہ کا کارویٹ جنگی جہاز مرکری ایندھن اور دیگر ضروری سامان حاصل کرنے کے لیے بن غازی کی بندرگاہ پر رکا ہوا تھا کہ اسے متعدد سمندری ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
حکام کے مطابق حملے کے دوران روسی جنگی جہاز کی جانب بڑھنے والے کم از کم 4 ڈرونز کو روک کر تباہ کردیا گیا، تاہم 2 ڈرونز دفاعی کارروائی سے بچتے ہوئے جہاز سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکے ہوئے اور جہاز کو شدید نقصان پہنچا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ حملے کے بعد حاصل ہونے والی سیٹلائٹ تصاویر میں روسی جنگی جہاز مرکری کو بحیرہ روم کے پانی میں جزوی طور پر الٹی ہوئی حالت میں دیکھا جاسکتا ہے۔ تصاویر سے جہاز کو پہنچنے والے بڑے نقصان کی نشاندہی ہوتی ہے۔
اس واقعے کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ بن غازی کا ساحلی علاقہ جنوبی یوکرین سے ایک ہزار میل سے زیادہ فاصلے پر واقع ہے۔ مبینہ حملے کو تقریباً 5 سال سے جاری روس اور یوکرین کی جنگ کے جغرافیائی پھیلاؤ کے حوالے سے ایک نمایاں پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
روسی جنگی جہاز پر حملے کے چند گھنٹوں بعد بن غازی کے ساحل کے قریب روس سے منسلک کارگو جہاز اسکالون کو بھی سمندری ڈرون سے نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ رپورٹ کے مطابق اس جہاز کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ فوجی سامان لے کر جارہا تھا، تاہم اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔
سامنے آنے والی ویڈیو میں ایک سمندری ڈرون کو کارگو جہاز کے ایک سرے کی جانب بڑھتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد ایک بڑا دھماکہ ہوا۔ حملے کے نتیجے میں جہاز کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔
لیبیا کے حکام کے مطابق واقعے کے بعد مقامی بحری افواج نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ کارگو جہاز کے عملے کو بحفاظت نکال لیا۔
لیبیا کی وزارت صحت نے بتایا کہ جہاز کے عملے کے بعض ارکان معمولی زخمی ہوئے ہیں، تاہم ان کی حالت مستحکم ہے۔ حکام نے فوری طور پر زخمیوں کی مجموعی تعداد اور ان کی قومیتوں کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
بن غازی کا کنٹرول جنرل خلیفہ حفتر کی زیر قیادت خود ساختہ لیبیا نیشنل آرمی کے پاس ہے۔ یہ فورس مشرقی اور جنوبی لیبیا کے وسیع علاقوں پر کنٹرول رکھتی ہے اور اس کے روس کے ساتھ دیرینہ روابط رہے ہیں۔
مشرقی لیبیا میں روسی جنگی اور تجارتی جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات اس لیے بھی اہم سمجھے جارہے ہیں کہ روس کے جنرل خلیفہ حفتر کی فورسز کے ساتھ تعلقات ہیں اور بحیرہ روم کا یہ علاقہ تزویراتی اہمیت رکھتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق روسی حکام کی جانب سے ان واقعات پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ کسی ملک، تنظیم یا گروہ نے بھی دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
اگرچہ ان کارروائیوں کو مبینہ یوکرینی سمندری ڈرون حملے قرار دیا جارہا ہے، تاہم حملہ آوروں کی شناخت اور ان واقعات میں یوکرین کے براہِ راست ملوث ہونے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔
یہ واقعات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب یوکرینی افواج نے روس کے خلاف مرکزی جنگی محاذوں سے دور طویل فاصلے تک حملے کرنے کی کارروائیوں میں اضافہ کیا ہے۔
دوسری جانب لیبیا میں اقوام متحدہ کے مشن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بن غازی کے ساحل کے قریب ہونے والے دونوں ڈرون حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے مشن نے ان واقعات کی فوری، آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے حملوں کے حالات و واقعات اور ان کے ذمہ داروں کے تعین کی ضرورت پر زور دیا۔
روسی جنگی جہاز مرکری کے مبینہ طور پر ڈوبنے اور اس کے چند گھنٹوں بعد روس سے منسلک کارگو جہاز کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات نے بحیرہ روم میں عسکری کارروائیوں کے ممکنہ پھیلاؤ اور لیبیا کے ساحلی علاقوں کی سلامتی سے متعلق نئے سوالات پیدا کردیے ہیں۔