پاکستان - 07 فروری 2026
لاہور میں 25 سال بعد بسنت کی واپسی، شہر رنگوں اور خوشیوں میں ڈوب گیا
پاکستان - 06 فروری 2026
لاہور: 25 سال بعد لاہور میں بسنت کی شاندار واپسی ہوئی، جیسے ہی جمعہ کی رات گھڑی نے بارہ بجائے، شہریوں نے پتنگیں اُڑانا شروع کر دیں اور پورا شہر بھنگڑوں اور ’’بو کاٹا‘‘ کی صداؤں سے گونج اٹھا۔
صوبائی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھاٹی گیٹ میں ایک چھت سے بسنت کا باضابطہ افتتاح کیا، اس سے قبل سیکیورٹی اور انتظامی انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور شہریوں کو ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔
جمعہ کی رات سے اتوار کی رات تک تین دن پتنگ بازی کی اجازت دی گئی ہے۔
پنجاب حکومت کے اس فیصلے کو کچھ حلقے ثقافت، سیاحت اور کاروبار کے فروغ سے جوڑ رہے ہیں، جبکہ ناقدین کے مطابق یہ فیصلہ ماضی کے سانحات کو دہرا سکتا ہے اور قیمتی جانوں کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔
بسنت سردیوں کے اختتام کا موسمی تہوار ہے، جو فروری میں خوشگوار موسم کے دوران منایا جاتا ہے۔ 6 سے 8 فروری 2026 تک لاہور میں بسنت بھرپور جوش و خروش سے منائی جا رہی ہے۔
ہر عمر کے افراد جشن میں شریک نظر آئے، روشن چھتیں، موسیقی، ڈھول، رقص اور لذیذ کھانے شبِ بسنت کا خاص حصہ رہے۔
اندرون و بیرونِ ملک سے آئے مہمانوں اور اوورسیز پاکستانیوں نے بھی تہوار میں شرکت کی۔ کئی افراد نے پرانی یادیں تازہ کیں، جبکہ کچھ نے اس بار ڈور کے معیار پر تحفظات کا اظہار کیا۔
نوجوان نسل، جو 2001 کے بعد پیدا ہوئی، کے لیے بسنت ایک نیا اور منفرد تجربہ رہی۔ مہنگائی کے باوجود طلبہ اور نوجوانوں نے تینوں دن جشن منانے کے عزم کا اظہار کیا۔
پنجاب حکومت نے لبرٹی چوک میں بسنت گالا منعقد کرنے کا اعلان بھی کیا ہے، جو ہفتے کے روز ہوگا اور شہریوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
سوشل میڈیا کے دور میں منائی جانے والی بسنت 2026 کی ویڈیوز اور تصاویر مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ہو رہی ہیں۔
اگرچہ سیکیورٹی سخت ہے، تاہم خدشات برقرار ہیں۔ اس تین روزہ جشن کا پُرامن اختتام مستقبل میں بسنت کے دائرہ کار کا تعین کرے گا۔
دیکھیں

