وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت کی تمام سرگرمیاں منسوخ کر دیں

news-banner

پاکستان - 06 فروری 2026

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں جمعے کی نماز کے دوران امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کل بسنت کی اپنی تمام مصروفیات منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ لبرٹی اسکوائر پر ہونے والا میگا بسنت شو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ 

 

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف متحد رہیں۔

 

مریم نواز نے مزید کہا کہ خوارج پر کوئی رحم نہیں ہوگا اور پاکستان کی حفاظت پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

 

حکام کے مطابق اسلام آباد دھماکے میں اب تک تقریباً 30 افراد جاں بحق اور 150 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ 

 

ابتدائی تحقیقات میں خودکش بمبار کی شناخت ہو چکی ہے، جس نے افغانستان میں دہشتگرد کارروائیوں کی تربیت حاصل کی تھی اور متعدد بار افغانستان کا سفر کر چکا تھا۔

 

حکومتی ذرائع نے بتایا کہ افغانستان میں موجود مختلف دہشتگرد گروہ طالبان رجیم کی سرپرستی میں خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں اور پاکستان میں ہونے والی دہشتگردانہ کارروائیوں کے پیچھے افغانستان اور بھارت کا ممکنہ گٹھ جوڑ ہے۔