پاکستان - 14 فروری 2026
ورزش سے دوری ذیابیطس ٹائپ 2 کے مریضوں میں سنگین طبی پیچیدگیاں بڑھا دیتی ہے: تحقیق
تازہ ترین - 14 فروری 2026
ایک نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جسمانی سرگرمیوں سے دوری ذیابیطس ٹائپ 2 کے مریضوں میں مختلف طبی پیچیدگیوں کے خطرے کو نمایاں طور پر بڑھا دیتی ہے۔
Journal of Sport and Health Science میں شائع تحقیق کے مطابق زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے ذیابیطس سے جڑی پیچیدگیاں جیسے فالج، دل کی کمزوری، امراضِ قلب اور بینائی سے محرومی کا خطرہ تقریباً 10 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق میں 27 تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا جن میں تقریباً 24 لاکھ افراد شامل تھے۔
محققین نے مریضوں کی جسمانی سرگرمیوں کے دورانیے اور ذیابیطس سے جڑی پیچیدگیوں کا جائزہ لیا۔
جو افراد ہفتے میں کم از کم 150 منٹ تک معتدل یا سخت جسمانی سرگرمی نہیں کرتے تھے، انہیں سست طرزِ زندگی کا حامل قرار دیا گیا۔
نتائج کے مطابق ورزش سے دوری کے باعث فالج کا خطرہ 10.2 فیصد، اعصابی مسائل کا خطرہ 9.7 فیصد، ہارٹ فیلیئر کا خطرہ 7.3 فیصد جبکہ امراضِ قلب کا خطرہ 7 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین نے زور دیا کہ جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانے سے ذیابیطس کے مریض کئی سنگین طبی مسائل سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔
دیکھیں

