دنیا - 22 فروری 2026
بارکھان میں کرش پلانٹ پر مسلح حملہ، 3 مزدور اغوا، پولیس چوکی بھی نشانہ
پاکستان - 22 فروری 2026
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع بارکھان میں نامعلوم مسلح افراد نے زرغون کنسٹرکشن کمپنی کے کرش پلانٹ پر حملہ کر کے تین مزدوروں کو اغوا کر لیا جبکہ قریبی پولیس چوکی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے رات گئے پلانٹ پر شدید فائرنگ کی، جس کے بعد موسیٰ خیل سے تعلق رکھنے والے تین مزدوروں کو اپنے ساتھ لے گئے۔
حملہ آوروں نے پلانٹ کے قریب قائم پولیس چوکی پر بھی دھاوا بولتے ہوئے وہاں تعینات اہلکاروں سے سرکاری اسلحہ چھین لیا اور فرار ہو گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے باعث پلانٹ کی مشینری کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ تعمیراتی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل ہو گئیں۔
اغوا ہونے والے مزدور کمپنی میں یومیہ اجرت پر کام کر رہے تھے۔
واقعے کے فوری بعد پولیس، لیویز اور فرنٹیئر کور نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاہم تاحال مغوی مزدوروں کی بازیابی یا حملہ آوروں کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔
ضلعی انتظامیہ نے علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے شہریوں سے مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دینے کی اپیل کی ہے۔
ماہرین کے مطابق ایسے حملوں کا مقصد ترقیاتی منصوبوں کو متاثر کرنا اور خوف و ہراس پھیلانا ہو سکتا ہے۔
دیکھیں

