امن، استحکام اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: صدر آصف علی زرداری

news-banner

پاکستان - 27 فروری 2026

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے واضح کیا ہے کہ پاکستان امن، استحکام اور اپنی علاقائی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

 

پاک افغان کشیدگی پر جاری بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی باوقار قوم اور دلیر مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور سرحدوں کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ کسی کو یہ خوش فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ پاکستان دباؤ یا دھمکیوں سے مرعوب ہو جائے گا۔ 

 

ہماری مسلح افواج بروقت، فیصلہ کن اور ہمہ جہت جوابی صلاحیت رکھتی ہیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو جڑ سے ختم کرنے کی بھرپور طاقت رکھتی ہیں۔

 

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان تصادم کا خواہاں نہیں، لیکن اگر اس کی امن پسندی کو کمزوری سمجھا گیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

 

 انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ پانچ برسوں سے طالبان حکومت، ٹی ٹی پی دہشتگردوں کے ذریعے پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں کی سرپرستی کر رہی ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر سفارتی ذرائع اور برادر ممالک کی مدد سے اس مجرم گروہ کو راہِ اعتدال پر لانے کی سنجیدہ کوششیں کیں، تاہم کوئی مثبت پیش رفت نہ ہو سکی، اور اب اس گروہ نے بین الاقوامی سرحد عبور کر کے پاکستان کی سالمیت کو چیلنج کیا ہے۔

 

صدر مملکت نے بتایا کہ 8 فروری کو اسلام آباد کی مسجد میں ہونے والے خودکش حملے کے بعد طالبان حکومت کو سخت انتباہ جاری کیا گیا تھا، جبکہ 22 فروری کو دوبارہ دوٹوک پیغام دیا گیا۔

 

انہوں نے آخر میں کہا کہ پاکستان تشدد کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور سرپرستوں سے بخوبی آگاہ ہے، اور اگر خونریزی کا سلسلہ جاری رہا تو ذمہ دار عناصر کہیں بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔