تازہ ترین - 27 فروری 2026
رات گئے کھانا دل اور شوگر کے لیے خطرناک، نئی تحقیق نے خبردار کر دیا
تازہ ترین - 27 فروری 2026
طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ رات کے اوقات میں اسنیکس یا کھانے کی عادت دل اور شوگر کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
ایک عالمی طبی جریدے میں شائع ہونے والی تازہ تحقیق کے مطابق کھانے کے اوقات کو جسم کی قدرتی حیاتیاتی گھڑی کے مطابق رکھنے سے نیند، دل اور میٹابولزم پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ کارڈیو میٹابولک نظام میں خرابی دل کے امراض، ٹائپ ٹو ذیابیطس اور نان الکوحلک فیٹی لیور جیسی دائمی بیماریوں سے جڑی ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر کھانے کے اوقات کو منظم کر لیا جائے تو اس کے فوائد بعض صورتوں میں کیلوریز کم کرنے والی روایتی ڈائٹ کے برابر ہو سکتے ہیں۔
مطالعے میں 36 سے 75 سال کی عمر کے 39 زائد الوزن افراد کو شامل کیا گیا۔
ایک گروپ کو ہدایت دی گئی کہ وہ رات کے وقت کھانے سے 13 سے 16 گھنٹے کا وقفہ رکھیں، جبکہ دوسرے گروپ نے اپنی معمول کی خوراک جاری رکھی۔
نتائج سے ظاہر ہوا کہ رات گئے کھانے سے پرہیز کرنے والوں میں دل کی صحت بہتر رہی۔
رات کے وقت بلڈ پریشر میں اوسطاً 3.5 فیصد اور دل کی دھڑکن میں تقریباً 5 فیصد کمی دیکھی گئی، جو صحت مند قلبی نظام کی علامت سمجھی جاتی ہے۔
مزید یہ بھی سامنے آیا کہ دن کے اوقات میں خون میں شوگر کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت بہتر رہی، کیونکہ لبلبے نے زیادہ مؤثر انداز میں انسولین خارج کی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ رات گئے اسنیکس سے اجتناب اور کھانے کے اوقات کی درست ترتیب مجموعی صحت، خصوصاً دل اور شوگر کے مریضوں کے لیے نہایت فائدہ مند ہے۔
دیکھیں

