پاکستان - 28 فروری 2026
امریکی و اسرائیلی حملوں کے بعد ایران کا بھرپور جوابی وار، اسرائیل اور خلیجی ممالک میں امریکی اڈوں پر میزائل حملے
دنیا - 28 فروری 2026
تہران: ایران پر امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں شدید کشیدگی پیدا ہوگئی، جس کے جواب میں ایران نے “فتح خیبر” کے نام سے بڑے پیمانے پر جوابی میزائل آپریشن شروع کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق امریکی اور اسرائیلی افواج نے تہران سمیت مختلف شہروں میں فوجی و سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنایا، جن میں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے دفتر کے اطراف اور صدارتی کمپاؤنڈ کے قریب علاقے بھی شامل تھے۔ حملوں میں پاسداران انقلاب کے کئی اعلیٰ کمانڈر ہلاک یا زخمی ہوئے۔
ایرانی حکام کے مطابق جوابی کارروائی میں اسرائیل پر درجنوں بیلسٹک میزائل داغے گئے جس کے نتیجے میں تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس سمیت مختلف علاقوں میں دھماکے اور سائرن کی آوازیں سنائی دیں۔
ایران نے دعویٰ کیا کہ خطے میں موجود پانچ اہم امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں قطر کا العدید ایئر بیس، کویت، بحرین، متحدہ عرب امارات اور اردن میں قائم اڈے شامل ہیں۔ خلیجی ممالک میں فضائی دفاعی نظام متحرک کر دیا گیا جبکہ متعدد ممالک نے اپنی فضائی حدود بند کر دیں۔
کشیدگی کے باعث سعودی عرب، قطر، بحرین اور متحدہ عرب امارات میں ہنگامی سکیورٹی اقدامات نافذ کیے گئے جبکہ بعض مقامات پر دھماکوں اور جانی نقصان کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی کہ ایران کے خلاف فوجی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جو کئی دن جاری رہ سکتا ہے، جبکہ ایران نے خبردار کیا ہے کہ خطے میں موجود ہر امریکی اڈہ اس کی پہنچ میں ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے دفتر خارجہ نے پاکستانی شہریوں کو ایران کے سفر سے گریز اور وہاں موجود شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ خطے کی صورتحال کے پیش نظر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے خلیجی ممالک کے لیے اپنی متعدد پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔
دیکھیں

