خامنہ ای کی شہادت پر پاکستان میں احتجاج، کراچی میں امریکی قونصل خانے کے باہر تصادم، 6 افراد جاں بحق

news-banner

پاکستان - 01 مارچ 2026

 ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کی خبر سامنے آنے کے بعد پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے۔

 

لاہور میں مظاہرین نے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاج کیا اور امریکی قونصل خانے کی جانب مارچ کی کوشش کی، تاہم پولیس نے مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روک دیا جس کے بعد مظاہرین نے وہاں دھرنا دے دیا۔

 

دوسری جانب کراچی میں امریکی قونصل خانہ کراچی کے باہر بڑی تعداد میں مظاہرین جمع ہوگئے جہاں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 21 زخمی ہوگئے۔

 

پولیس حکام کے مطابق صورتحال پر قابو پانے کیلئے سکیورٹی سخت کر دی گئی جبکہ شہر کی اہم شاہراہوں بشمول سلطان آباد اور مائی کولاچی روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔

 

حکومت سندھ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کے دوران قونصل خانے کے بیرونی حصار کو نقصان پہنچایا گیا، جبکہ واقعے کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطحی جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

 

صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، تاہم تشدد اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔