Pakistan

بیوی کی جائیداد جعلسازی سے اپنے نام منتقل کرنے والے شوہر کی اپیل خارج، 5 لاکھ ہرجانے کا حکم

بیوی کی جائیداد جعلسازی سے اپنے نام منتقل کرنے والے شوہر کی اپیل خارج، 5 لاکھ ہرجانے کا حکم
۱ منٹ پہلے

سپریم کورٹ نے بیوی کی جائیداد جعلسازی سے بطور تحفہ اپنے نام منتقل کروانے والے شوہر کی اپیل خارج کرتے ہوئے پلاٹ بیوی کو دینے کے سابقہ عدالتی فیصلوں کو درست قرار دے دیا۔

 

عدالت عظمیٰ نے بیوی کے نام سے شوہر کے نام جائیداد کا انتقال کالعدم قرار دیتے ہوئے اہلیہ کو مکان کی قانونی مالک تسلیم کرلیا۔

 

سپریم کورٹ نے شوہر کو 30 روز کے اندر اہلیہ کو 5 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔عدالت نے قرار دیا کہ صلح کی قیمت کے طور پر بیوی سے لیا گیا مکان ہبہ نہیں بلکہ ایک سودا یا تاوان ہے۔

 

سپریم کورٹ کے مطابق زیر جائزہ ہبہ نامہ ایک یکطرفہ دستاویز تھی، جس پر گواہان کے دستخط کی جگہ خالی تھی، جبکہ ہبہ کی قبولیت کا بھی کوئی اندراج موجود نہیں تھا۔

 

عدالت نے قرار دیا کہ شوہر نہ تو ہبہ کی قبولیت کا وقت، جگہ اور گواہ ثابت کرسکا اور نہ ہی مکان پر اپنا قبضہ ثابت کرسکا۔سپریم کورٹ کے مطابق شوہر کا دعویٰ تھا کہ بیوی بے نامی دار تھی، تاہم بے نامی اور ہبہ کے دعوے باہم متضاد اور ناقابل قبول ہیں۔

 

عدالت عظمیٰ نے مکان بچوں کے نام منتقل کرنے اور بچوں کو تسلیم کرنے سے متعلق شوہر کے انکار کو بھی افسوسناک قرار دیا۔سپریم کورٹ نے کہا کہ مقدمہ بازی 28 سال سے زائد عرصے تک جاری رہی، فریقین کے بچوں اور مقدمے کے حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے مثالی ہرجانہ عائد کیا گیا ہے۔

 

مقدمے کے مطابق 11 مئی 1983 کو بیوی کے نام پلاٹ خریدا گیا تھا، جبکہ 21 اپریل 1994 کو مبینہ ہبہ کے ذریعے مکان شوہر کے نام منتقل کردیا گیا۔اہلیہ کا مؤقف تھا کہ شوہر نے مکان پر لیے گئے بینک قرض کی واپسی کے بہانے خالی سٹامپ پیپر پر اس سے دستخط کروائے تھے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں