پی ایس ایل نے عالمی معیار کی کرکٹ اور یادگار لمحات فراہم کیے، چیئرمین پی سی بی

پاکستان - 04 جولائی 2025
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے عالمی معیار کی کرکٹ اور ناقابلِ فراموش لمحات فراہم کیے، اور اب یہ ٹورنامنٹ اُمید اور یکجہتی کی علامت بن چکا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا جس میں فرنچائز مالکان، اسپانسرز اور کمرشل پارٹنرز شریک ہوئے۔ اجلاس میں پی ایس ایل کی دس سالہ ترقی پر تفصیلی ڈیٹا پیش کیا گیا جبکہ پی ایس ایل 9 اور 10 کے اعداد و شمار کا تقابلی جائزہ بھی لیا گیا۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پی ایس ایل 10 کا فائنل سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ بن گیا ہے۔
محسن نقوی نے پی ایس ایل کی کامیابی میں کردار ادا کرنے والے تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ لیگ کو مزید مستحکم کیا جائے گا تاکہ اسے عالمی سطح پر مزید فعال اور مؤثر بنایا جا سکے۔
سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ "پی ایس ایل 10 صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں، بلکہ ایک جشن تھا۔ یہ لیگ اب ایک تحریک بن چکی ہے جو شائقین کرکٹ کو آپس میں جوڑتی ہے۔"