اسمبلی کو اکھاڑا نہیں بننے دیں گے، آئین گالم گلوچ اور گریبان پکڑنے کی اجازت نہیں دیتا: طلال چوہدری

پاکستان - 04 جولائی 2025
وفاقی وزیر مملکت برائے امور داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ آئین میں گالم گلوچ، ہنگامہ آرائی اور گریبان پکڑنے کی کوئی گنجائش نہیں۔ اسلام آباد سے جاری بیان میں انہوں نے پنجاب اسمبلی میں پیش آنے والے حالیہ ناخوشگوار واقعات کو جمہوریت اور پارلیمانی روایات کے خلاف قرار دیا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ایوان کے تقدس کو پامال کرنے والے ارکان کے خلاف باقاعدہ ریفرنس بھیج دیا ہے، اور یہ قدم اپوزیشن کے غیرپارلیمانی رویے کے باعث اٹھانا پڑا۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ جمہوری اقدار کی پاسداری کرے۔ انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں پنجاب اسمبلی کو بغیر قائمہ کمیٹیوں کے چلایا گیا، جو آئینی عمل کے برعکس تھا۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں کو تماشہ گاہ نہیں بننے دیا جائے گا، اور جو بھی قانون و آئین سے انحراف کرے گا، اس کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی۔