نانگا پربت پر پاکستانی کوہ پیماؤں کی تین کامیابیاں‘ سہیل سخی نے بغیر آکسیجن چوٹی سر کرلی

news-banner

پاکستان - 04 جولائی 2025

پاکستانی کوہ پیماؤں نے نانگا پربت کی 8,126 میٹر بلند چوٹی پر فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تین کامیابیاں حاصل کر لی ہیں۔ ہنزہ سے تعلق رکھنے والے باہمت کوہ پیما سہیل سخی نے نانگا پربت بغیر آکسیجن سپورٹ کے سر کر لی، جو ان کی 8 ہزار میٹر سے بلند چوتھی کامیاب مہم ہے۔

 

سہیل سخی نے آج صبح دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت کو کامیابی سے سر کیا۔ اس سے قبل وہ کے ٹو، گیشربرم ون (G1) اور گیشربرم ٹو (G2) بھی بغیر آکسیجن سپورٹ کے سر کر چکے ہیں۔

 

اس سے قبل پاکستانی سرجن ڈاکٹر رانا حسن جاوید اور کوہ پیما علی حسن بھی نانگا پربت کی چوٹی سر کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔ سہیل سخی کی شمولیت کے بعد نانگا پربت کو 24 گھنٹوں میں سر کرنے والے پاکستانی کوہ پیماؤں کی تعداد تین ہو گئی ہے۔

 

یہ کامیابیاں نہ صرف پاکستان کے کوہ پیماؤں کی صلاحیتوں کا مظہر ہیں بلکہ عالمی سطح پر ملک کی کوہ پیمائی میں بڑھتی ہوئی برتری کو بھی اجاگر کرتی ہیں۔