خلیج فارس میں 4 آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا، پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے خلیج فارس میں مزید 4 آئل ٹینکروں کو بیک وقت نشانہ بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی بحریہ آبنائے ہرمز کا انتظام اور کنٹرول بدستور سنبھالے ہوئے ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان کے مطابق تیل کی منتقلی میں مصروف 4 آئل ٹینکروں کو ایک ہی وقت میں نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان نے الزام عائد کیا کہ چاروں بحری جہاز غیر قانونی سمندری راستوں سے تیل کے کارگو کی منتقلی میں ملوث تھے۔
پاسدارانِ انقلاب کے بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ 3 دیگر تیل بردار جہاز سمندر میں بچھائی گئی بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے کہا کہ ایرانی بحریہ آبنائے ہرمز کے انتظام اور کنٹرول کی ذمہ داریاں بدستور انجام دے رہی ہے۔
انہوں نے جہاز رانی کی کمپنیوں کو خبردار کیا کہ وہ امریکا کے بہکاوے میں آکر تیل کی منتقلی کے لیے غیر قانونی سمندری راستے استعمال نہ کریں۔
ترجمان نے بحری جہازوں کے آپریٹرز اور جہاز رانوں پر زور دیا کہ وہ مقررہ ضوابط کی پابندی کریں اور سمندری راستوں سے متعلق قواعد کی خلاف ورزی سے باز رہیں۔
چار آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے اور مزید 3 جہازوں کے بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے دعوے پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے کیے گئے ہیں، جن کی فراہم کردہ معلومات میں آزادانہ تصدیق موجود نہیں۔