ترقیاتی پیکیج: خیبرپختونخوا کو 160 ارب میں سے 10 ارب جاری
وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج میں سے 10 ارب روپے جاری کر دیے ہیں۔
دستاویز کے مطابق 12 مخصوص اضلاع کے لیے 96 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ روپے جبکہ صوبے کے دیگر 25 اضلاع کے لیے 63 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
12 مخصوص اضلاع میں 430 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا، جبکہ 7 خصوصی منصوبوں پر 19 ارب 27 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔
دستاویز میں 423 منصوبوں کے لیے 77 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
مخصوص اضلاع میں 100 روزہ اور 180 روزہ ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
امن و امان کے لیے 62 منصوبوں پر 39 ارب 19 کروڑ روپے خرچ ہوں گے، جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔
صحت کے شعبے کے 41 منصوبوں کے لیے 3 ارب 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ تعلیم کے 72 منصوبوں پر 12 ارب 90 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔
باجوڑ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 دانش اسکول بھی قائم کیے جائیں گے۔
منصوبے کے تحت 70 اسکولوں کی مرمت اور اپ گریڈیشن جبکہ 409 اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔
مخصوص اضلاع میں سڑکوں کی بہتری کے 32 منصوبوں کے لیے 12 ارب 70 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
ترقیاتی پیکیج میں ٹل پارا چنار روڈ اور گومل زام ڈیم کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
مخصوص اضلاع میں 88 مقامات پر پانی کی فراہمی کی اسکیموں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا، جبکہ 100 طلبہ کو چین میں زرعی شعبے کی تعلیم کے لیے وظائف دیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ صوبے کے دیگر 25 اضلاع میں 219 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔