ملک میں سالانہ مہنگائی 10.41 فیصد بڑھ گئی، ہفتہ وار شرح میں 0.65 فیصد کمی
پاکستان میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 10.41 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم حالیہ ہفتے کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 0.65 فیصد کمی ہوئی ہے۔
پاکستان ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق سالانہ مہنگائی بڑھنے کی بنیادی وجہ توانائی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہے۔ ایک سال کے دوران ایل پی جی 87.99 فیصد جبکہ کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 36.30 فیصد بڑھ گئے۔
اسی عرصے میں ہائی سپیڈ ڈیزل 24.84 فیصد اور پیٹرول 21.35 فیصد مہنگا ہوا۔
ہفتہ وار بنیادوں پر متعدد اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ٹماٹر 30.55 فیصد، پیاز 9.17 فیصد، ایل پی جی 6.46 فیصد، پیٹرول 3.87 فیصد اور ڈیزل 2.46 فیصد سستا ہوا۔
مونگ کی دال، گڑ اور چینی کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی دیکھی گئی۔دوسری جانب کئی بنیادی غذائی اشیا کی قیمتیں بڑھ گئیں۔ ایک ہفتے میں انڈے 8.84 فیصد، آلو 8.07 فیصد، گندم کا آٹا 4.42 فیصد اور مرغی کا گوشت 3.01 فیصد مہنگا ہوا۔
کیلوں، لہسن، ویجیٹیبل گھی، گائے کے گوشت اور جلانے کی لکڑی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات کے مطابق ملک کے 17 شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیا کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ ان میں سے 23 اشیا مہنگی، 8 سستی جبکہ 20 کی قیمتیں برقرار رہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مختلف آمدنی والے طبقات کے لیے بھی ہفتہ وار مہنگائی میں کمی ہوئی۔ سب سے کم آمدنی والے طبقے کے لیے قیمتوں میں 0.46 فیصد جبکہ سب سے زیادہ آمدنی والے طبقے کے لیے 0.81 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
سالانہ بنیادوں پر گندم کے آٹے کی قیمت میں 44.20 فیصد اضافہ ہوا۔ مرغی کا گوشت 24.35 فیصد، پیاز 24.05 فیصد، مرچ پاؤڈر 15.55 فیصد اور مٹن 14.60 فیصد مہنگا ہوا۔اسی طرح سادہ ڈبل روٹی کی قیمت 12.35 فیصد، گائے کے گوشت کی 11.10 فیصد اور تازہ دودھ کی 8.96 فیصد بڑھ گئی۔
اس کے برعکس ایک سال کے دوران آلو 27.13 فیصد، چینی 26.24 فیصد، ٹماٹر 20.86 فیصد اور انڈے 16.10 فیصد سستے ہوئے، جبکہ مختلف دالوں کی قیمتوں میں بھی سالانہ بنیادوں پر کمی ریکارڈ کی گئی۔