ڈیجیٹل اور کیش لیس معیشت کی طرف تیز رفتار پیش رفت، وزیراعظم نے اہداف دگنا کرنے کی ہدایت کر دی

news-banner

پاکستان - 04 جولائی 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملکی معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈیجیٹل اور کیش لیس معیشت کی جانب پیش قدمی تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی شفافیت کے لیے ڈیجیٹل ٹرانزیکشن سسٹم ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں اور کاروباری اداروں کے درمیان مالی لین دین کو آسان بنانے اور ڈیجیٹل سسٹم کے استعمال سے متعلق آگاہی بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

 

یہ بات جمعرات کو وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ کیش لیس و ڈیجیٹل معیشت سے متعلق ہفتہ وار اجلاس میں سامنے آئی۔ وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ تمام اہداف کو دوگنا کیا جائے اور کیش لیس اکانومی کے لیے قائم کمیٹیاں تمام متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ مل کر قابل عمل تجاویز جلد از جلد پیش کریں۔

 

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک تاجروں کے لیے ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام مزید سہل اور مؤثر بنانے کے لیے حکمت عملی تیار کر رہا ہے، جبکہ چھوٹے کاروباروں کی شمولیت کے لیے خصوصی پیکجز متعارف کرائے جائیں گے۔

 

مزید بتا جانیے

  • ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے موبائل ایپ استعمال کرنے والوں کی تعداد کو 95 ملین سے بڑھا کر 120 ملین تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
  •  
  • کیو آر کوڈ استعمال کرنے والے تاجروں کی تعداد کو 0.9 ملین سے بڑھا کر 2 ملین تک پہنچانے کا منصوبہ ہے۔
  • مجموعی ڈیجیٹل ادائیگیوں کا حجم 7.5 ارب روپے سے بڑھا کر 12 ارب روپے تک کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان کو جدید مالیاتی نظام کی جانب تیزی سے گامزن ہونا ہوگا تاکہ شفاف، مؤثر اور عوام دوست معیشت کی بنیاد رکھی جا سکے۔