وزیراعظم پاکستان اور آذربائیجان کے صدر کی ملاقات، تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

news-banner

پاکستان - 04 جولائی 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے 17ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات، اقتصادی اشتراک، اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

وزیراعظم نے ای سی او سربراہی اجلاس کی شاندار میزبانی پر صدر علیوف کو مبارکباد پیش کی، اور 27 سے 29 مئی 2025 کو لاچین شہر میں پاکستانی وفد کو دی گئی پرتپاک مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

 

انہوں نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی حمایت پر آذربائیجان کے مستقل مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھی ہمیشہ آذربائیجان کا مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے۔

 

دونوں رہنماؤں نے تجارتی و سرمایہ کاری کے شعبوں میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا، بالخصوص آذربائیجان کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

 

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان حالیہ روابط سے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے صدر الہام علیوف کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی ایک بار پھر دہرائی۔