جیٹ فیول مہنگا ہونے پر ملکی و بین الاقوامی فضائی کرایوں میں بڑا اضافہ

news-banner

کاروبار - 10 مارچ 2026

پاکستان میں جیٹ فیول کی قیمت میں اضافے کے بعد ایئرلائنز نے ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے کرایوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔

 

ایئرلائن ذرائع کے مطابق کراچی سے لاہور، اسلام آباد اور دیگر شہروں کے لیے ڈومیسٹک پروازوں کے ٹکٹوں میں تقریباً 2800 سے 5 ہزار روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔

 

اسی طرح بین الاقوامی پروازوں کے کرایوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ 

 

ذرائع کے مطابق پاکستان سے مشرق وسطیٰ اور وسط ایشیائی ممالک کے لیے ٹکٹوں میں تقریباً 15 ہزار روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ٹورنٹو اور مانچسٹر جانے والی پروازوں کے کرایوں میں 28 ہزار روپے تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔

 

ذرائع کے مطابق ٹورنٹو اور مانچسٹر کے لیے اکانومی کلاس کا یکطرفہ کرایہ اب ڈھائی لاکھ روپے سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔

 

ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ اس اضافے کی بنیادی وجہ پاکستان میں جیٹ فیول کی قیمت میں 154 روپے فی لیٹر اضافہ ہے، جس کے بعد جیٹ فیول کی نئی قیمت 342 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔