پاکستان - 10 مارچ 2026
ماسکو میں بجلی سے چلنے والے دریائی سفری نظام کو تیزی سے وسعت دی جا رہی ہے
تازہ ترین - 10 مارچ 2026
روسی دارالحکومت ماسکو میں شہری نقل و حمل کے جدید بجلی سے چلنے والے دریائی نظام کو تیزی سے وسعت دی جا رہی ہے تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو محفوظ، مستحکم اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
اس منصوبے کے تحت کشتیوں کی دیکھ بھال کے لیے جدید سہولتیں قائم کی جا رہی ہیں جبکہ دریائی آمد و رفت کی نگرانی اور انتظام کے نظام کو بھی مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
ماسکو کے جہاز سازی مرکز میں نئی نسل کی بجلی سے چلنے والی کشتیوں کی مرمت اور تکنیکی جانچ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
یہ کشتیاں دارالحکومت کے باقاعدہ دریائی راستوں پر چل رہی ہیں اور ماحول دوست شہری سفر کے فروغ کا اہم حصہ بن چکی ہیں۔
ماہرین کشتیوں کے رفتار اور سمت کو قابو میں رکھنے والے نظام کا باقاعدہ معائنہ کر رہے ہیں۔
اس مقصد کے لیے جہاز سازی مرکز کو جدید آلات سے لیس کیا گیا ہے جہاں کشتیوں کو پانی سے نکال کر مکمل جانچ اور مرمت کے بعد کم سے کم وقت میں دوبارہ سفر کے لیے تیار کر دیا جاتا ہے۔
دریائی سفر کے اس نظام کی نگرانی کے لیے ایک جامع انتظامی ڈھانچہ بھی قائم کیا گیا ہے۔
متعلقہ ادارے کے نگران عملہ چوبیس گھنٹے کشتیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھتا ہے۔
ہفتے کے دنوں میں چھ ماہرین اس بیڑے کی نگرانی کرتے ہیں جن میں سے تین پہلے راستے پر چلنے والی تیرہ کشتیوں اور دیگر تین دوسرے اور تیسرے راستوں پر چلنے والی اٹھارہ کشتیوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ ماسکو کے ٹریفک انتظامی مرکز میں قائم دریائی نگرانی کا مرکز تقریباً پانچ سو کیمروں کے ذریعے ماسکو دریا کی چوبیس گھنٹے نگرانی کرتا ہے۔
یہ مرکز کشتیوں کی گھاٹوں تک آمد و رفت کو منظم کرتا ہے، اوقات کار مرتب کرتا ہے اور پانی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھتا ہے۔
دریائی راستوں کے تئیس گھاٹوں پر مسافروں کی رہنمائی کے لیے عملہ بھی موجود ہوتا ہے جو سوار ہونے اور اترنے میں مدد فراہم کرتا ہے، کرایہ ادا کرنے کے طریقے سمجھاتا ہے اور دیگر سفری ذرائع تک رسائی کے بارے میں معلومات دیتا ہے۔
سن 2023 میں اس نظام کے آغاز کے بعد سے اب تک یہ انتہائی مؤثر ثابت ہوا ہے۔
نگران عملے نے تقریباً دو سو ستر غیر معمولی حالات کو کامیابی سے سنبھالا جبکہ کشتیوں کی آمد و رفت مقررہ اوقات کے مطابق جاری رہی۔
اس دوران مسافروں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہوا ہے اور اب تک بتیس لاکھ سے زیادہ سفر کیے جا چکے ہیں۔
ماسکو کے نائب میئر برائے نقل و حمل اور صنعت میکسم لیکسوتوف کے مطابق مسلسل نگرانی اور جدید سہولتوں کی بدولت یہ نظام مستحکم انداز میں چل رہا ہے اور شہریوں کے ساتھ ساتھ سیاح بھی اس جدید دریائی سفر کو تیزی سے ترجیح دے رہے ہیں۔
اس وقت ماسکو کے اس بجلی سے چلنے والے دریائی سفری نظام میں تین راستے شامل ہیں جن پر اکتیس جدید کشتیاں خدمات انجام دے رہی ہیں، اور یہ منصوبہ ماحول دوست شہری نقل و حرکت کی ایک اہم مثال بنتا جا رہا ہے۔
دیکھیں

