دنیا - 15 مارچ 2026
ایرانی حملوں کی 51 ویں لہر، آبنائے ہرمز امریکا اور اس کے اتحادیوں کے علاوہ سب کیلئے کھلی ہے: عراقچی
دنیا - 15 مارچ 2026
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق کے تحت حملوں کی نئی لہر شروع کر دی ہے جس میں امریکی تنصیبات اور اسرائیل کو نشانہ بنایا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق سعودی عرب کے شہر الخرج میں موجود امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملہ کیا گیا جہاں ایف 35 اور ایف 16 لڑاکا طیاروں کے تربیتی مراکز موجود تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اکاونواں حملہ شہید ابو القاسم بابائیان اور ان کی اہلیہ کی یاد میں کیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ پندرہ روز کے دوران امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں ایران میں ایک ہزار چار سو چوالیس افراد جاں بحق ہوئے جبکہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں لبنان میں آٹھ سو چھبیس افراد مارے گئے۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیل میں چودہ افراد ہلاک ہوئے جبکہ ایرانی حملوں میں گیارہ امریکی فوجی بھی مارے گئے۔
اس دوران متحدہ عرب امارات میں چھ، سعودی عرب میں دو، عراق میں چھبیس، کویت میں چھ، عمان میں تین اور بحرین میں دو افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کو ہلاک کرنے کا ارادہ کر لیا گیا ہے اور اگر وہ زندہ ہیں تو انہیں تلاش کر کے ختم کیا جائے گا۔
تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب پر ہونے والے حملوں سے ایران کا کوئی تعلق نہیں۔
ایرانی میڈیا نے امریکا پر الزام عائد کیا کہ اس نے فالس فلیگ آپریشن کے لیے شاہد ڈرونز کی نقل تیار کر کے استعمال کی۔
دوسری جانب ایرانی شہر اصفہان میں کئی مقامات پر دھماکوں اور دھوئیں کے بادل دیکھے گئے جہاں امریکی اور اسرائیلی حملوں میں پندرہ افراد ہلاک ہوئے۔
سوئٹزرلینڈ نے غیرجانبداری کے قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی فوجی پروازوں کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا جبکہ تین دیگر امریکی پروازوں کو اجازت دی گئی۔
ایران نے بھارت کے دو بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی جبکہ اس سے قبل ترکیہ کے ایک جہاز کو بھی راستہ دیا جا چکا ہے۔
اس پیش رفت کے بعد فرانس اور اٹلی نے اپنے جہاز نکالنے کے لیے ایران سے براہ راست رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے بنیامین نیتن یاہو کے قتل سے متعلق خبروں کو افواہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ محفوظ ہیں۔
ایرانی حکام کے مطابق 28 فروری سے جاری امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ایران کی تقریباً 43 ہزار عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں جن میں 36 ہزار پانچ سو رہائشی یونٹس شامل ہیں۔
صرف تہران میں دس ہزار عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا جن میں 43 ایمرجنسی طبی مراکز، 32 ایمبولینسیں اور 120 اسکول شامل تھے۔
حکام کے مطابق ان حملوں میں 223 خواتین جبکہ 206 اساتذہ اور طلبہ بھی جاں بحق ہوئے۔
متحدہ عرب امارات کی فجیرہ بندرگاہ پر ڈرون حملے کے بعد شدید آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث بعض آئل لوڈنگ آپریشن عارضی طور پر معطل ہو گئے۔
اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے نو بیلسٹک میزائل اور تینتیس ڈرون تباہ کر دیے۔
اس کے ساتھ ہی ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی حملے جاری ہیں اور تل ابیب میں بیس دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں جن کے نتیجے میں کئی مقامات پر آگ لگ گئی۔
ایرانی افواج نے خبردار کیا کہ خطے میں موجود وہ صنعتیں اور کارخانے جن میں امریکی شراکت داری ہے انہیں منتقل کر دیا جائے۔
اس کے علاوہ دبئی کی جبل علی پورٹ، ابوظبی کی خلیفہ پورٹ اور فجیرہ کے اطراف رہنے والے افراد کو امریکی فوجی اڈوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
برطانوی اخبار کے مطابق برطانیہ کے وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر مشرق وسطیٰ میں ہزاروں انٹرسیپٹر ڈرون بھیجنے پر غور کر رہے ہیں جبکہ فوجی حکام آکٹوپس نامی اینٹی ڈرون سسٹم کے استعمال کا جائزہ لے رہے ہیں جو پہلے یوکرین کو فراہم کیا جا چکا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ آبنائے ہرمز امریکا اور اس کے اتحادیوں کے علاوہ تمام ممالک کیلئے کھلی ہے اور واشنگٹن اس اہم راستے کی حفاظت کیلئے چین سے مدد مانگنے پر مجبور ہو گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکی افواج نے دبئی اور راس الخیمہ کے قریب سے ہائمارس میزائل سسٹم کے ذریعے خارگ جزیرے پر حملے کیے جن کا ایران جواب دے گا تاہم شہری آبادی کو نقصان سے بچانے کی کوشش کی جائے گی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے لیکن موجودہ شرائط مناسب نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کی سلامتی کے لیے کئی ممالک نے تعاون کی پیشکش کی ہے اور اس راستے سے تیل لینے والے ممالک کو خود اس کی سکیورٹی یقینی بنانی چاہیے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کے اہم تیل برآمدی جزیرے خارگ کو تباہ کر دیا ہے۔
ادھر روس نے ایران کیلئے انسانی امداد بھیجی ہے جس کے تحت ایک کارگو طیارے کے ذریعے تیرہ ٹن سے زائد طبی سامان آذربائیجان پہنچایا گیا جہاں سے اسے ایران منتقل کیا جائے گا۔
چین نے بھی ایرانی شہر مناب میں سکول حملے سے متاثرہ خاندانوں کیلئے امداد کا اعلان کیا ہے۔
ایرانی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی حملے میں بریگیڈیئر جنرل عبداللہ جلالی شہید ہو گئے جو دشمن کے حملے کے دوران دفاعی کارروائیوں کی قیادت کر رہے تھے۔
دیکھیں

