تازہ ترین - 19 مارچ 2026
پاکستان 5 جی کے دور میں داخل، 3 بڑی کمپنیوں کو لائسنس جاری، سروسز کا مرحلہ وار آغاز
تازہ ترین - 19 مارچ 2026
اسلام آباد: پاکستان میں جدید انٹرنیٹ سروس 5 جی کے باقاعدہ آغاز کی راہ ہموار ہو گئی ہے، جہاں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے تین بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کو لائسنس جاری کر دیئے ہیں اور سروسز آج سے مرحلہ وار شروع ہوں گی۔
پی ٹی اے نے زونگ، جاز اور یوفون کو 5 جی کے لائسنس جاری کیے ہیں۔
ٹیلی کام اتھارٹی اور آپریٹرز کے درمیان 5 جی سپیکٹرم لائسنس پر دستخط ہو چکے ہیں، جس سے تینوں کمپنیاں ملک بھر میں 5 جی سروسز فراہم کر سکیں گی اور صارفین کو تیز رفتار انٹرنیٹ اور جدید ڈیجیٹل سہولیات میسر آئیں گی۔
وزیراعظم نے شفاف نیلامی کو سراہا
لائسنس کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا فروغ صنعت، زراعت اور آئی ٹی شعبے کے لیے سنگ میل ہے۔
انہوں نے 5 جی سپیکٹرم لائسنس کی شفاف نیلامی کو سراہا اور قانونی چیلنجز کو کامیابی سے حل کرنے پر ٹیم کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے زونگ اور دیگر ٹیلی کام آپریٹرز کے تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کر پاکستان کا نام آئی ٹی شعبے میں بلند کریں گے۔
وزیراعظم نے پاک چین دوستی کی اہمیت بھی اجاگر کی، اسے جدید ٹیکنالوجی کا منفرد اور اہم پہلو قرار دیا اور کہا کہ ملک کے طول و عرض میں جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
وفاقی وزیر آئی ٹی اور پی ٹی اے چیئرمین کے بیانات
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا کہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پروگرام چھوٹا رکھا گیا، پاکستان میں پہلی بار 5 جی سروس متعارف کرائی گئی ہے اور یہ کامیابی وزیراعظم کی قیادت میں مکمل ٹیم ورک کے باعث ممکن ہوئی۔
4 جی سروسز کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور آنے والے مہینوں میں مجموعی انٹرنیٹ معیار بہتر ہو جائے گا۔
پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے بتایا کہ پاکستان میں موبائل ٹیکنالوجی کی ابتدا 1990 کی دہائی کے اوائل میں ہوئی، اور 2004 سے 2025 تک چار سپیکٹرم نیلامیاں کی گئی ہیں۔
480 میگا ہرٹز سپیکٹرم شفاف انداز میں نیلام اور لائسنس جاری کیا گیا، جس سے پاکستان خطے میں سپیکٹرم کی استعداد کے حوالے سے پہلے نمبر پر آگیا۔
پی ٹی اے کے مطابق زونگ اور جاز آج سے 5 جی سروس شروع کر دیں گے، جبکہ یوفون چند روز بعد سروس متعارف کرائے گی۔ ٹیلی کام کمپنیاں موبائل مینوفیکچررز سے رابطے میں ہیں، اور صارفین کو جلد ہی 5 جی فعال کرنے کے لیے سافٹ ویئر اپڈیٹ موصول ہوں گے۔
ابتدائی مرحلے میں 5 جی سروسز لاہور، کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ اور پشاور کے اہم مقامات پر دستیاب ہوں گی۔ ماہرین کے مطابق 5 جی کے آغاز سے انٹرنیٹ کی رفتار میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس سے ڈیجیٹل سروسز، کاروبار اور آن لائن معیشت کو فروغ ملے گا۔
دیکھیں

