تازہ ترین - 24 مارچ 2026
امریکا اسرائیل کے حملے، ایران نے ملٹی وار ہیڈ میزائل داغ دیے، اسرائیلی صدر بال بال بچ گئے
دنیا - 24 مارچ 2026
مشرق وسطیٰ میں جنگ 25 ویں روز میں داخل ہو چکی ہے۔
اسرائیل نے ٹرمپ کے حملے مؤخر کرنے کے اعلان کو نظر انداز کرتے ہوئے ایران پر حملے جاری رکھے، جس کے جواب میں ایران نے اسرائیل اور امریکی اڈوں پر ملٹی وار ہیڈ میزائل داغ دیے۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت حملوں کی نئی لہر شروع کی گئی، جس میں خطے میں امریکی اہداف اور اسرائیل کو نشانہ بنایا گیا۔
ایلات، دیمونا اور شمالی تل ابیب سمیت مختلف مقامات پر ملٹی وار ہیڈ میزائل اور ڈرون کے ذریعے حملے کیے گئے۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ان کارروائیوں میں عماد اور قدر میزائل استعمال ہوئے، جبکہ خطے میں امریکی فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
زیادہ تر جنگی یونٹس اور بسیج فورسز ابھی مکمل طور پر میدان میں نہیں اتاری گئیں، تاہم ضرورت پڑنے پر انہیں شامل کیا جائے گا۔
ایرانی فوج نے صدر ٹرمپ کو ہدایت کی کہ اپنا دھیان آسمان، اسٹاک مارکیٹ اور تیل کی قیمتوں پر رکھیں، ایران بڑا سرپرائز دینے والا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے امریکی صدر سے فون کے بعد کہا کہ ایران اور حزب اللہ پر حملے تب تک جاری رہیں گے جب تک کوئی ڈیل نہ ہو۔
نیتن یاہو نے کہا کہ اگر امریکا اور ایران امن بات چیت کریں تو اسرائیل اپنے مفادات کا تحفظ کرے گا۔
اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ ایرانی میزائل حملے میں بال بال بچ گئے
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی صدر شمالی اسرائیل میں موجود تھے جب پہاڑی پر میزائل گرا، جبکہ صدر نیوز کانفرنس دے رہے تھے۔
امریکا اور اسرائیل کے ایرانی صوبہ مشرقی آذربائیجان پر حملے
ایرانی میڈیا کے مطابق مشرقی آذربائیجان میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا، حملے میں 6 ایرانی شہری شہید اور 9 زخمی ہوئے۔
تل ابیب پر ایران کے میزائل حملے
اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب میں میزائل حملے میں ایک خاتون ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، کئی عمارتیں شدید نقصان کا شکار ہوئیں۔
امریکا اور اسرائیل نے ایران کے 215 شہروں پر حملے کیے
ایرانی ایمرجنسی سروس کے مطابق جنگ کے آغاز سے امریکا اور اسرائیل نے 215 شہروں کو نشانہ بنایا، 83 ہزار سے زائد عمارتیں متاثر ہوئیں۔
امریکی اسرائیلی حملوں میں 208 بچے شہید ہو چکے، جن میں سے 168 مناب کے اسکول پر امریکی میزائل حملے میں جاں بحق ہوئے۔
سب سے کم عمر شہید بچہ صرف 3 دن کا تھا۔ ایران بھر میں ہلاکتیں 1500 سے تجاوز کر گئی ہیں۔
اصفہان میں دو گیس مراکز پر حملہ
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق وسطی اصفہان میں ایک انتظامی عمارت اور گیس پریشر ریڈیوسر اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا، جس سے قریبی گھروں اور خرمشہر پاور پلانٹ کی پائپ لائن کو نقصان پہنچا۔
کویت کا میزائل اور ڈرون حملوں کو روکنے کا دعویٰ
کویتی فوج نے کہا کہ اس کا فضائی دفاعی نظام دشمن کے میزائل اور ڈرون حملوں کا مقابلہ کر رہا ہے۔
شام میں امریکی اڈا نشانہ
عراق کے دو سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ شمال مشرقی شام میں امریکی بیس کی جانب کم از کم سات میزائل داغے گئے، میزائل لانچر اور ایک جلائی ہوئی گاڑی قبضے میں لے لی گئی۔
اسرائیل کا بسیج ہیڈکوارٹرز پر حملہ
اسرائیلی فوج نے تہران میں پاسدارانِ انقلاب کے ایک مقام کو نشانہ بنایا، جو بسیج فورسز کے یونٹس کی رہنمائی اور سرگرمیوں کی ہم آہنگی کے لیے استعمال ہوتا تھا۔
ٹرمپ کا 158 ایرانی جہاز تباہ کرنے کا دعویٰ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اب تک 158 ایرانی جہاز تباہ کر دیے گئے، دفاعی صنعتی کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا اور بحری بیڑے کو ختم کرنے کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جانب سے ڈرونز اور میزائل داغنے کی رفتار میں 90 فیصد کمی آئی ہے۔
دیکھیں

