بارشوں کا نیا سلسلہ آج سے شروع، ژالہ باری اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ

news-banner

تازہ ترین - 24 مارچ 2026

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے 24 سے 30 مارچ تک ملک بھر میں بارش، تیز ہوائیں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی موسم کی پیشگوئی کرتے ہوئے بعض علاقوں میں ژالہ باری اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق ایک مضبوط مغربی سسٹم 24 مارچ کی شام بلوچستان میں داخل ہوگا، جو 27 مارچ کے بعد مزید شدت اختیار کر کے 31 مارچ تک برقرار رہ سکتا ہے۔

 

بلوچستان کے مختلف علاقوں خصوصاً گوادر، تربت، پنجگور، کوئٹہ اور خضدار میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

 

خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں بشمول چترال، سوات، دیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

 

پنجاب کے لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور اسلام آباد میں بھی بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے، جبکہ سندھ کے کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ سمیت مختلف علاقوں میں 25، 26، 28 اور 29 مارچ کو بارش متوقع ہے۔

 

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں پہاڑوں پر برفباری اور بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔

 

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بلوچستان میں 25 سے 28 مارچ اور خیبرپختونخوا کے ندی نالوں میں 28 سے 30 مارچ کے دوران فلیش فلڈ کا خطرہ ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ہے۔

 

کسانوں کو اپنی فصلوں کی حفاظت کے لیے احتیاطی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے، اور تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کرنے کا کہا گیا ہے۔