صدر مملکت کی زیر صدارت اجلاس میں پیٹرول کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے اقدامات پر بریفنگ

news-banner

پاکستان - 26 مارچ 2026

صدر مملکت آصف زرداری کی زیر صدارت معیشت، توانائی اور علاقائی صورتحال پر اجلاس ہوا، جس میں تیل کی فراہمی میں رکاوٹ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

 

اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، بلاول بھٹو، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے شرکت کی۔

 

مشاورتی اجلاس میں موجودہ اقتصادی اور توانائی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم نے پیٹرول کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے اقدامات پر بریف کیا، ایندھن کی قیمت میں اضافے کے دیگر شعبوں پر اثرات سنبھالنے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، اور کفایت شعاری اقدامات کے ذریعے مالیاتی نظم و ضبط کے نفاذ سے آگاہ کیا گیا۔

 

اجلاس میں علاقائی صورتحال پر بھی غور کیا گیا اور موجودہ حالات کے پاکستان کی سلامتی، اقتصادی معاملات اور غذائی تحفظ پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

 

مشاورتی اجلاس میں قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور پالیسی فیصلوں میں استحکام کو ترجیح دینے، عوامی مفاد کا تحفظ کرنے، ابھرتے علاقائی چیلنجز کے تناظر میں قومی اتفاق رائے برقرار رکھنے اور ادارہ جاتی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

 

اقتصادی مینجمنٹ، توانائی منصوبہ بندی، غذائی تحفظ اور سیکیورٹی امور کے مربوط انتظام پر بھی زور دیا گیا۔

 

اجلاس میں عوامی آگاہی پر بھی زور دیا گیا تاکہ ایندھن کی کھپت کم کی جا سکے، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال اور شیئر رائڈ سسٹم پر بھی توجہ دی گئی۔