پاکستان کی ثالثی پیشکش نیک نیتی پر مبنی، فیصلے فریقین خود کریں گے: سفیر پاکستان

news-banner

پاکستان - 31 مارچ 2026

واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی ثالثی کی پیشکش خلوص نیت اور علاقائی مفاد پر مبنی ہے۔ 

 

انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کیلئے سرگرم سفارتی کردار ادا کر رہا ہے اور دونوں ممالک کی جانب سے پاکستان پر اعتماد قابل قدر ہے۔

 

سفیر پاکستان کے مطابق یہ معاملہ نہایت پیچیدہ ہے جس میں سیاسی، معاشی اور علاقائی عوامل شامل ہیں، تاہم امید ہے کہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔ 

 

انہوں نے کہا کہ سفارت کاری ایک تدریجی عمل ہے جس میں وقت درکار ہوتا ہے اور پاکستان اس عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔

 

انہوں نے واضح کیا کہ حتمی فیصلے متعلقہ فریقین نے خود کرنے ہیں، جبکہ پاکستان ہمیشہ بات چیت اور سفارت کاری کو مسائل کے حل کا بہترین ذریعہ سمجھتا ہے۔

 

دہشت گردی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سرحد پار دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور متعدد بار شواہد فراہم کرنے کے باوجود مناسب کارروائی نہ ہونے پر پاکستان کو خود اقدامات کرنا پڑے۔ 

 

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔