خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 13 دہشت گرد ہلاک

news-banner

پاکستان - 01 اپریل 2026

راولپنڈی: خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 30 مارچ 2026 کو ضلع خیبر کے علاقے باڑہ اور ضلع بنوں میں کی گئیں۔

 

ترجمان کے مطابق باڑہ میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

 

اسی طرح ضلع بنوں میں ایک اور کارروائی کے دوران مزید 3 دہشت گرد مارے گئے۔

 

 آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں تاکہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

 

بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی ایکشن پلان اور آپریشن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

 

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں اور ملک کے دفاع کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔