500 بااثر مسلم شخصیات میں شہباز شریف اور عاصم منیر کا پہلا نمبر، پنجاب اسمبلی میں مبارکباد کی قرارداد منظور
پنجاب اسمبلی نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد دینے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
مسلم لیگ ن کے چیف وہپ رانا محمد ارشد کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا کہ رائل اسلامک سٹریٹجک سٹڈیز سینٹر کی جاری کردہ 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر قرار پائے ہیں۔
قرارداد میں اس اعزاز کو پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کے عالمی کردار اور ملک کے بڑھتے ہوئے سفارتی اثر و رسوخ کا اعتراف قرار دیتے ہوئے مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے دوران افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
قرارداد کے متن کے مطابق آپریشن بنیان المرصوص کے ذریعے پاکستان نے اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کا بھرپور دفاع کیا، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عسکری قیادت اور وزیراعظم شہباز شریف کی سیاسی و سفارتی مشاورت نے اہم کردار ادا کیا۔
قرارداد میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا گیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مشترکہ سفارتی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستانی قیادت نے امریکا اور ایران کے درمیان رابطوں، مذاکرات اور مفاہمت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا، پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں اسلام آباد میں امن مذاکرات میں پیش رفت ممکن ہوئی۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے قرارداد میں کہا گیا کہ اس سے دفاعی تعاون، مشترکہ سلامتی اور باہمی تحفظ کے عزم کو تقویت ملی۔
قرارداد میں وزیراعظم شہباز شریف کی معاشی استحکام، سفارتی روابط، قومی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کی پالیسیوں کو بھی سراہا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور افواج پاکستان کی قومی سلامتی، دفاعی خودمختاری اور علاقائی امن کے لیے خدمات کا بھی اعتراف کیا گیا۔
ایوان نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو عالمی بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔