ٹرمپ کی دھمکی: ایران کو ایک رات میں تباہ کردیں گے، شاید وہ رات آج ہو

news-banner

دنیا - 07 اپریل 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر سخت دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایران کو ایک ہی رات میں تباہ کر سکتا ہے اور شاید وہ رات آج ہو۔

 

پریس کانفرنس میں ایران کے ریسکیو مشن اور آبنائے ہرمز کی ڈیڈ لائن پر بات کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران میں سب سے بڑا سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا۔

 

 ان کے مطابق ایک شخص کو بچانے کے لیے 200 اہلکار تعینات کیے گئے اور امریکا نے اپنے اہداف حاصل کر لیے۔

 

انہوں نے کہا کہ امریکی پائلٹ کو ایرانی سرزمین سے بحفاظت نکالا گیا اور دنیا میں کسی کے پاس امریکا جیسی فوجی طاقت نہیں۔

 

 ایف 15 طیارے کے ذریعے شدید زخمی کرنل کو واپس لایا گیا، جو 48 گھنٹے تک زمین پر چھپا رہا جبکہ ایرانی افواج اس کی تلاش میں تھیں، تاہم کوئی امریکی زخمی نہیں ہوا۔

 

ٹرمپ نے بتایا کہ آپریشن میں شامل امریکی طیارے خود تباہ کر دیے گئے تاکہ جدید ٹیکنالوجی دشمن کے ہاتھ نہ لگے۔

 

ان کے مطابق اس مشن میں 155 طیارے اور 200 فوجیوں نے حصہ لیا، جن میں ری فیولنگ ٹینکرز اور ریسکیو طیارے شامل تھے، جبکہ گزشتہ 30 دنوں میں ایران میں 10 ہزار سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

 

انہوں نے کہا کہ مشن کی معلومات لیک کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی کیونکہ یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے۔ 

 

انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ منگل کی ڈیڈ لائن حتمی ہے اور اگر آبنائے ہرمز نہ کھولی گئی تو ایران کا کوئی پل محفوظ نہیں رہے گا۔

 

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا کا آپریشن رجیم چینج کے لیے تھا، ایران کے پاس کچھ میزائل اور ڈرون باقی ہیں لیکن اسے جوہری ہتھیار نہیں رکھنے چاہئیں۔

 

 انہوں نے یہ بھی کہا کہ ضرورت پڑی تو امریکا ایران کے تیل پر قبضہ کر سکتا ہے اور ایران کے حامیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔