کاروبار - 07 اپریل 2026
فٹنس پر خاص توجہ، شرجیل خان نے 28 کلوگرام وزن کم کر لیا، مضبوط کم بیک کا عزم
کھیل - 07 اپریل 2026
پاکستان کے جارح مزاج بیٹر شرجیل خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے گزشتہ دو برسوں میں اپنی فٹنس پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے 28 کلوگرام وزن کم کیا ہے۔
انٹرویو میں شرجیل خان نے بتایا کہ وہ پاکستان سپر لیگ میں مضبوط کم بیک کے لیے پُرعزم ہیں اور اس مقصد کے لیے انہوں نے اپنی فٹنس اور کھیل دونوں پر بھرپور محنت کی۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل سے دو سال کی دوری ایک چیلنج ضرور تھی، مگر انہوں نے اس وقت کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ طویل وقفے کے بعد فوری طور پر اچھی کارکردگی دکھانا آسان نہیں ہوتا، تاہم انہوں نے مکمل تیاری کی ہے۔
انہوں نے اس دوران یہ بھی سیکھا کہ طویل عرصے تک پروفیشنل کرکٹ کھیلنے کے لیے کس سطح کی فٹنس اور ڈسپلن ضروری ہوتا ہے۔
شرجیل خان نے بتایا کہ انہوں نے وزن کم کرنے کے لیے ایک پروفیشنل ٹرینر اور ڈائیٹیشن کی مدد حاصل کی، جس سے نہ صرف وزن کم ہوا بلکہ ایک صحت مند طرز زندگی اپنانے میں بھی مدد ملی۔
وہ اس دوران ڈومیسٹک کرکٹ اور دیگر لیگز میں بھی کھیلتے رہے تاکہ خود کو مقابلے کے لیے تیار رکھ سکیں۔
اپنی ٹیم حیدرآباد کنگزمین کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ٹیم نئی ہے اور کمبی نیشن بنانے میں وقت لگے گا، تاہم انہیں امید ہے کہ کراچی مرحلے میں ٹیم بہتر کارکردگی دکھائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک جیت ٹیم کا مومنٹم بدل سکتی ہے۔
انہوں نے ڈریسنگ روم کے ماحول کو مثبت قرار دیا اور کہا کہ غیر ملکی کھلاڑی بھی کافی تعاون کر رہے ہیں جس سے ٹیم میں ہم آہنگی بہتر ہو رہی ہے۔
بیٹنگ پوزیشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق وہ مڈل آرڈر میں کھیلنے کے لیے تیار ہیں اور اس کے لیے پہلے سے پریکٹس بھی کر چکے ہیں۔
ذاتی اہداف کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کرنا ہے اور وہ کم از کم تین سے چار میچز میں میچ وننگ کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے شائقین کی کمی کو محسوس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کراؤڈ ہمیشہ ٹیم کے لیے توانائی کا ذریعہ ہوتا ہے اور امید ہے کہ آئندہ میچز میں شائقین واپس آئیں گے۔
شرجیل خان نے کہا کہ پی ایس ایل نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں دونوں کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہے اور وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔
دیکھیں

