قوم، حکومت اور افواج ’بنیان مرصوص‘ کی مانند متحد، ہر چیلنج کا مقابلہ کریں گے: فیلڈ مارشل عاصم منیر
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ حکومت، مسلح افواج اور عوام تمام اندرونی و بیرونی چیلنجز کے خلاف ’’بنیان مرصوص‘‘ کی مانند متحد ہیں۔
275ویں کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی اور ہم آہنگی ملک کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
فورم نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی لازوال قربانیاں پاکستان کی سلامتی اور استقامت کی بنیاد ہیں۔
عسکری قیادت نے آپریشنل تیاری اور انسداد دہشت گردی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور دہشت گرد نیٹ ورکس اور ان کے معاون ڈھانچے کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔
کانفرنس میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ کارروائیاں صرف درست اہداف کے خلاف کی جاتی ہیں۔
فورم نے خطے میں استحکام، تحمل اور خودمختاری کے احترام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کیا۔