Pakistan

قومی اسمبلی اجلاس: حکومت و اپوزیشن کے درمیان غیر معمولی سیاسی رابطے، مفاہمتی ماحول نمایاں

قومی اسمبلی اجلاس: حکومت و اپوزیشن کے درمیان غیر معمولی سیاسی رابطے، مفاہمتی ماحول نمایاں
۴۱ منٹ پہلے

قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان غیر معمولی سیاسی رابطے دیکھنے میں آئے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے مفاہمتی طرزِ عمل اختیار کرتے ہوئے ایوان میں اپوزیشن رہنماؤں سے براہِ راست ملاقاتیں اور مشاورت کی۔

 

اجلاس کے آغاز پر وزیراعظم شہباز شریف نے نہ صرف اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے مصافحہ کیا بلکہ خود ان کی نشستوں تک جا کر ان سے ملاقات بھی کی۔ اس دوران ایوان میں خوشگوار اور نسبتاً نرم سیاسی ماحول دیکھنے میں آیا۔

 

بعد ازاں وزیراعظم نے قومی امور، خصوصاً ایران اور امریکا سے متعلق صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اہم معاملات میں قومی اتفاقِ رائے ضروری ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں متفقہ قرارداد لانے کی تجویز بھی دی۔

 

وزیراعظم خطاب کے بعد ایک بار پھر اپوزیشن بینچوں پر گئے جہاں انہوں نے محمود خان اچکزئی، بیرسٹر گوہر اور اسد قیصر سے تفصیلی گفتگو کی۔ اس ملاقات میں اپوزیشن رہنماؤں نے اپنے مطالبات اور تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھے، جبکہ وزیراعظم نے ان کے ساتھ کھڑے ہو کر مشاورت جاری رکھی۔

 

ذرائع کے مطابق ملاقات کے بعد وزیراعظم نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو فوری طور پر اپنے پاس بلا کر ہدایات دیں۔ اسی دوران وزیر دفاع خواجہ آصف بھی اپوزیشن نشستوں پر پہنچے اور مختلف امور پر مشاورت کی، جبکہ رانا ثناء اللہ نے بھی اپوزیشن قیادت سے ملاقات کی۔

 

اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان یہ رابطے ایک غیر معمولی سیاسی پیش رفت کے طور پر دیکھے جا رہے ہیں، جسے بعض حلقے مفاہمتی سیاست کی جانب اہم اشارہ قرار دے رہے ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں