Pakistan

ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ 2026 کا شیڈول جاری، امتحان 16 اگست کو ہوگا

ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ 2026 کا شیڈول جاری، امتحان 16 اگست کو ہوگا
۳ گھنٹے پہلے

کراچی: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے ملک بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیے منعقد ہونے والے ایم ڈی کیٹ 2026 کے شیڈول اور رجسٹریشن پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔

 

کونسل کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا امتحان 16 اگست 2026 بروز اتوار صبح 10 بجے منعقد ہوگا جبکہ امیدواروں کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز 22 جون سے ہوگا اور یہ عمل 8 جولائی تک جاری رہے گا۔ لیٹ فیس کے ساتھ رجسٹریشن 13 جولائی تک کرائی جا سکے گی۔

 

اعلامیے کے مطابق پاکستان میں ایم ڈی کیٹ کی رجسٹریشن فیس 9 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ تاخیر سے رجسٹریشن کے لیے 13 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔ بین الاقوامی امتحانی مراکز کے لیے رجسٹریشن فیس 45 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

پی ایم ڈی سی نے واضح کیا ہے کہ تمام فیسیں ناقابلِ واپسی اور ناقابلِ منتقلی ہوں گی۔

 

صوبائی سطح پر امتحان کے انعقاد کے لیے سندھ میں سکھر آئی بی اے یونیورسٹی، پنجاب میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، خیبرپختونخوا میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور اور بلوچستان میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ ذمہ دار ہوں گی۔

اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور ریاض میں امتحان کا انعقاد شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے زیرِ انتظام کیا جائے گا۔

 

اعلامیے کے مطابق سندھ کے امیدوار کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، سکھر اور لاڑکانہ میں امتحان دے سکیں گے جبکہ پنجاب کے امیدوار 14 مختلف شہروں میں ٹیسٹ میں شریک ہوں گے۔

 

خیبرپختونخوا میں پشاور، مردان، سوات اور ایبٹ آباد سمیت 8 شہروں میں امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے جبکہ بلوچستان کے امیدوار کوئٹہ میں امتحان دے سکیں گے۔ بین الاقوامی امیدواروں کے لیے ریاض میں خصوصی امتحانی مرکز قائم کیا جائے گا۔

ایم ڈی کیٹ 180 کثیرالانتخابی سوالات پر مشتمل ہوگا اور اس میں نیگیٹو مارکنگ نہیں ہوگی، یعنی غلط جواب دینے پر نمبر نہیں کاٹے جائیں گے۔

 

امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایم ڈی کیٹ پورٹل کے ذریعے اپنی آن لائن رجسٹریشن مکمل کریں کیونکہ نامکمل درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔ سلیبس اور مزید تفصیلات کونسل کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی۔

پی ایم ڈی سی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر امتحانی شیڈول میں تبدیلی کا اختیار کونسل کے پاس محفوظ ہوگا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں