گیس صارفین کو دی جانے والی کراس سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ
حکومت نے گیس صارفین کو دی جانے والی تقریباً 140 ارب روپے کی کراس سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ گھریلو صارفین کیلئے گیس مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
وزارت پیٹرولیم حکام کے مطابق جنوری 2027 تک کراس سبسڈی مرحلہ وار ختم کر دی جائے گی۔ حکومت نے اس حوالے سے آئی ایم ایف کو یقین دہانی بھی کرا دی۔
حکام کے مطابق گیس اور بجلی پر رعایت اب استعمال کی بنیاد پر نہیں بلکہ صارف کی آمدنی کے مطابق دی جائے گی۔ کم آمدنی والے گھرانوں کی نشاندہی کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ڈیٹا استعمال کیا جائے گا۔ مستحق صارفین کو براہ راست مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے الگ نرخوں کا موجودہ نظام ختم کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ تمام صارفین سے یکساں اوسط گیس ٹیرف وصول کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
اس فیصلے سے صنعتوں، سی این جی، کمرشل اور سیمنٹ سیکٹر پر پڑنے والا کراس سبسڈی کا بوجھ ختم ہو جائے گا۔ حکام کے مطابق اس وقت اوسط گیس ٹیرف تقریباً 1750 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے جبکہ پروٹیکٹڈ صارفین اس سے کہیں کم نرخوں پر گیس حاصل کر رہے ہیں۔