World

جلد از جلد جامع اور دیرپا جنگ بندی ہونی چاہیے۔ چینی وزارتِ خارجہ

جلد از جلد جامع اور دیرپا جنگ بندی ہونی چاہیے۔ چینی وزارتِ خارجہ
۱ منٹ پہلے

چینی وزارتِ خارجہ نے ایران جنگ کے معاملے پر زور دیا ہے کہ جلد از جلد جامع اور دیرپا جنگ بندی ہونی چاہیے۔ 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ مسئلے کا جلد حل امریکا، ایران اور خطے کے دیگر ممالک سب کے مفاد میں ہے۔ 

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی بیجنگ میں ملاقات میں کئی معاملات پر نئے اتفاقِ رائے طے پائے ہیں۔چینی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں عالمی رہنماؤں نے ایک دوسرے کے تحفظات کو مناسب انداز میں حل کرنے اور بین الاقوامی و علاقائی امور پر رابطے اور تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ ملاقات سے باہمی اعتماد اور تفہیم میں مزید اضافہ ہوا ہے۔چینی وزارتِ خارجہ نے امریکی صدر ٹرمپ کے دورے کے دوران ہونے والے تجارتی معاہدوں پر کیے جانے والے سوالات کا براہِ راست جواب دینے سے گریز کیا ہے۔ 

اس سے قبل ٹرمپ نے فاکس نیوز کو بتایا تھا کہ شی جن پنگ نے کئی تجارتی وعدے کیے ہیں جن میں 200 بوئنگ طیاروں، امریکی تیل اور زرعی مصنوعات جیسے سویابین کی خریداری شامل ہے۔ 

تاہم بیجنگ میں ہونے والی چینی وزارتِ خارجہ کی پریس بریفنگ میں ترجمان نے ان معاہدوں سے متعلق سوالات کو بظاہر ٹال دیا۔ 

معاہدوں کی تصدیق یا تردید کرنے کے بجائے ترجمان نے اس ’اہم اتفاقِ رائے‘ کی طرف اشارہ کیا جس تک دونوں فریق ٹرمپ کے دورے کے دوران پہنچے ہیں۔ 

ایک اور جواب میں ترجمان نے کہا کہ ’چین اور امریکہ کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی بنیاد باہمی فائدہ اور مشترکہ کامیابی پر مبنی تعاون ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں