ایک تسلیم شدہ ایٹمی ریاست کو دنیا سے مٹانے کی دھمکی جنون کی انتہا ہے: آئی ایس پی آر
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے بھارتی فوج کے سربراہ کے حالیہ انٹرویو میں دیے گئے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے اشتعال انگیز قرار دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ جغرافیہ اور تاریخ کا حصہ رہنا چاہتا ہے یا نہیں، جس پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی ایک تسلیم شدہ ایٹمی طاقت اور خطے کا ناقابلِ تردید حصہ ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسی سوچ ظاہر کرتی ہے کہ بھارتی قیادت اب تک پاکستان کے وجود کو قبول نہیں کر سکی اور آٹھ دہائیوں کے باوجود درست اسباق سیکھنے میں ناکام رہی ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ایک خودمختار ایٹمی ملک کو جغرافیے سے مٹانے کی دھمکی نہ کوئی سفارتی اشارہ ہے اور نہ ہی اسٹریٹجک دباؤ، بلکہ یہ ذہنی انتشار اور جنگی جنون کی علامت ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ذمہ دار ایٹمی ریاستیں تحمل اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی ہیں، جبکہ تہذیبی برتری کی زبان استعمال نہیں کی جاتی۔
اس کے برعکس بھارت پر خطے میں عدم استحکام، سرحد پار کارروائیوں اور گمراہ کن معلومات پھیلانے کے الزامات بھی عائد کیے گئے۔
آئی ایس پی آر نے خبردار کیا کہ خطے کو کسی نئے بحران یا جنگ کی طرف دھکیلنے کے نتائج نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ عالمی سطح پر بھی تباہ کن ہو سکتے ہیں۔
مزید کہا گیا کہ بھارت کو پاکستان کی حقیقت اور اہمیت تسلیم کرتے ہوئے پرامن بقائے باہمی کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، کیونکہ کسی بھی جارحانہ اقدام کے نتائج صرف جغرافیائی نہیں بلکہ سیاسی اور اسٹریٹجک طور پر بھی سنگین ہوں گے۔