راولپنڈی میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی، چار ماہ میں 86 فیصد تک کمی ریکارڈ
راولپنڈی میں رواں سال کے پہلے چار ماہ کے دوران جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور مجموعی طور پر 86 فیصد تک کمی سامنے آئی ہے۔
سی پی او خالد ہمدانی کے مطابق مختلف جرائم میں گزشتہ سال کے مقابلے میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
قتل کے مقدمات میں 75 فیصد جبکہ دیگر جرائم میں 32 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ڈکیتی کے واقعات میں 70 فیصد اور اسٹریٹ کرائم میں 35 فیصد کمی ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات میں 70 فیصد اور گاڑی چھیننے کے کیسز میں 40 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسی طرح اغواء برائے تاوان میں 50 فیصد جبکہ گاڑیوں اور موٹر سائیکل چوری کے واقعات میں 55 فیصد کمی سامنے آئی ہے۔
نقب زنی کے واقعات میں بھی 46 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔
گزشتہ چار ماہ کے دوران پولیس نے 125 گینگز کے 277 ملزمان کو گرفتار کیا، جن سے 24 گاڑیاں، 264 موٹر سائیکلیں اور 8 رکشے برآمد کیے گئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے کروڑوں روپے مالیت کے زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء بھی برآمد کی گئیں۔
سی پی او خالد ہمدانی نے بتایا کہ رواں سال 21 پولیس مقابلوں کے دوران 14 خطرناک اور مطلوب ڈاکو ہلاک کیے گئے۔