کویت کی ایرانی حملوں کی مذمت ، ایران کا جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھنے کا اعلان
کویت کی وزارتِ خارجہ نے ایران پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے "وحشیانہ اور مسلسل حملوں" کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
کویتی وزارتِ خارجہ کے مطابق تازہ حملوں کا آغاز بدھ کی علی الصبح ہوا، جس میں ایک بار پھر سول اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جن میں کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی شامل ہے۔
بیان کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے اور اہم تنصیبات، بشمول سفارتی مشنز، کو بھی نقصان پہنچا۔
وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ کویت ایران کے کھلے اور جارحانہ حملوں کو قطعی طور پر مسترد کرتا ہے کیونکہ یہ اقدامات خطے میں کشیدگی اور تناؤ میں اضافہ کرتے ہیں اور علاقائی امن و استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
کویت نے ان حملوں کو بین الاقوامی قانون، اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
دوسری جانب ایران کی وزارتِ خارجہ نے آبنائے ہرمز میں ایرانی آئل ٹینکر اور جزیرہ قشم میں ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ حملے بدھ کی علی الصبح کیے گئے اور ان کی منصوبہ بندی خطے کے دو ممالک سے کی گئی۔ ایران نے ان کارروائیوں کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کویت اور بحرین کی قیادت اس معاملے میں براہِ راست ذمہ دار ہے۔
ایران نے خبردار کیا کہ جو بھی ملک اپنی سرزمین، فضائی حدود، سمندری حدود یا فوجی اڈے ایران کے خلاف حملوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دے گا، اسے ایران کے خلاف جارحیت کا حصہ سمجھا جائے گا۔
ایران نے یہ بھی کہا کہ اسے ان حملوں کے جواب میں حملوں کے اصل مقام کو نشانہ بنانے کا حق حاصل ہے۔