Breaking News

ملک بھر میں طوفانی بارشیں اور ژالہ باری، مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق، 19 زخمی

ملک بھر میں طوفانی بارشیں اور ژالہ باری، مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق، 19 زخمی
۱۱ دن پہلے

سندھ، بلوچستان، پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی، موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو گئے جبکہ مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہو گئے۔

 

کندھ کوٹ کے نواحی گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہو گئے، جبکہ روجھان میں طوفانی آندھی کے باعث سولر پلیٹیں اڑ گئیں، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔

 

صادق آباد میں شدید آندھی اور موسلادھار بارش سے درخت، سائن بورڈ، دیواریں اور بجلی کے پول گر گئے، جس سے 3 افراد زخمی ہوئے۔

 

سکھر، کندھ کوٹ، جیکب آباد، ٹھل اور گڑھی خیرو سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں آندھی، بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تاہم متعدد مقامات پر سائن بورڈز اور سولر پینلز گرنے کے واقعات بھی پیش آئے۔

 

نوشہروفیروز میں طوفانی ہواؤں کے دوران پیش آنے والے حادثات میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 12 افراد زخمی ہو گئے۔ مورو میں مختلف مقامات پر سولر پلیٹیں اور سائن بورڈ گرنے سے 5 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جبکہ پڈعیدن گرڈ اسٹیشن کی دیوار گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوئے جن میں 3 کم سن بچے بھی شامل ہیں۔

 

آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی میں موسلادھار بارش کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو تتہ پانی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہاں ڈاکٹر کی عدم موجودگی پر لواحقین نے احتجاج کیا۔

 

شہداد کوٹ، قبو سعید خان، میہڑ، نصیر آباد، ڈیرہ مراد جمالی، میرپور آزاد کشمیر، منگلا، اسلام گڑھ، ایبٹ آباد، گلیات، نتھیا گلی، ایوبیہ اور ٹھنڈیانی میں بھی بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

 

وزیر آباد، پشاور اور گرد و نواح میں شدید آندھی اور بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

 

سکھر اور گرد و نواح میں طوفانی بارش کے بعد مواصلاتی اور بجلی کا نظام شدید متاثر ہوا۔ بارش کے 6 گھنٹے بعد بھی متعدد علاقوں میں بجلی بحال نہ ہو سکی۔ شدید آندھی اور بارش سے سیپکو ریجن کے 46 گرڈ اسٹیشن متاثر ہوئے جبکہ متعدد 132 کے وی اور 220 کے وی ٹرانسمیشن سرکٹس ٹرپ کر گئے۔

 

سیپکو ترجمان کے مطابق طوفانی موسم کے باعث مختلف مقامات پر ٹاورز، پولز اور ٹرانسمیشن لائنوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ بجلی کی بحالی کے لیے فیلڈ ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں